پاریکر کی شیخ حسینہ سے ملاقات سکیورٹی روابط میں مضبوطی پر غور

ڈھاکہ ، یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع منوہر پاریکر نے آج بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے درمیان ملٹری اور سکیورٹی روابط کو مضبوط کرنے کے اقدامات پر غوروخوض کیا۔ پاریکر نے جو گزشتہ 45 سال میں بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والے اولین ہندوستانی وزیر دفاع ہیں، شیخ حسینہ سے تقریباً 30 منٹ بات چیت کی۔ وہ کابینہ میں وزارت دفاع کا قلمدان بھی رکھتی ہیں۔ پاریکر 11 رکنی اعلیٰ اختیاری وفد کی قیادت کرتے ہوئے دو روزہ دورہ پر گزشتہ روز یہاں پہنچے۔ انھوں نے کل ہی صدر عبدالحمید سے ملاقات کی تھی، جنھوں نے حکومت ہند کو یقین دلایا کہ وہ دہشت گردی کو ہرگز برداشت نہ کرنے کی پالیسی رکھتا ہے اور وسیع تر ملٹری روابط استوار کرنے پر زور دیا۔دونوں ملکوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشت گردی مشترکہ دشمن ہے جس کی سرکوبی اور مناسب انسداد اقدامات ضروری ہیں۔