’نو پارکنگ ‘ مقامات پر غیر مجاز پارکنگ کے ذریعہ اندھادھند آمدنی
حیدرآباد۔ 2 جون (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مرکزی تجارتی علاقوں میں موجود پارکنگ کیلئے مختص جگہوں کا ازسرنو جائزہ لیا جانا ضروری ہے کیونکہ بیشتر مقامات پر جی ایچ ایم سی کی جانب سے پارکنگ کیلئے مختص کردہ جگہ کا غلط استعمال کیا جارہا ہے اور شہر میں موجود پارکنگ مافیا کی جانب سے عوام سے من مانی فیس وصول کی جارہی ہے۔ شہر میں موجود پارکنگ کیلئے مختص جگہوں کے متعلق بلدی عہدیدار بھی کچھ کہنے سے قاصر ہیں اور بعض مخصوص مقامات کے علاوہ دیگر مقامات پر وصول کی جارہی پارکنگ فیس کے متعلق بلدی عہدیدار بھی کچھ کہنے سے قاصر ہیں۔ بلدی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر سیاسی سرپرستی کے حامل پارکنگ مافیا سے تعلق رکھنے والے افراد من مانی پارکنگ فیس وصول کررہے ہیں جس کی شکایت متعدد مرتبہ موصول ہوئی ہے لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس کی بنیادی وجہ انہیں حاصل سیاسی سرپرستی ہے۔ چارمینار، حمایت نگر، بشیر باغ، امیر پیٹ، عنبرپیٹ، سوماجی گوڑہ، نامپلی، عابڈس، خیریت آباد، نیکلس روڈ، سکندرآباد کے علاوہ شہر کے کئی علاقوں میں جہاں پارکنگ کیلئے جگہ مختص ہے، وہاں غیرمجاز پارکنگ کی فیس وصول کرنے والوں کا بھی دبدبہ دیکھا جارہا ہے۔ بلدیہ کی جانب سے الاٹ کردہ پارکنگ کی جگہ پر فیس کی وصولی کیلئے جو ٹکٹ جاری کئے جاتے ہیں، تقریباً ویسے ہی ٹکٹس دیتے ہوئے دیگر مقامات پر بھی پارکنگ فیس وصول کی جارہی ہے، لیکن ان وصول کنندگان سے کوئی یہ دریافت کرنے والا نہیں ہے کہ وہ کس کی اجازت سے عوام سے پارکنگ فیس وصول کررہے ہیں۔ شہر کے کئی مقامات پر جہاں ٹریفک پولیس کی جانب سے ’’نو پارکنگ‘‘ کا بورڈ آویزاں کیا گیا ہے، اس بورڈ کے قریب ہی پارکنگ فیس وصول کرتے ہوئے پارکنگ کی اجازت دی جارہی ہے، جوکہ شہریوں کیلئے لمحہ فکر ہے۔ پارکنگ فیس وصول کرنے والا نو پارکنگ بورڈ کے متعلق کوئی جواب دینے سے قاصر ہے جبکہ محکمہ پولیس جوکہ یہ بورڈ آویزاں کرتی ہے، وہ بھی نو پارکنگ علاقہ میں باضابطہ پارکنگ فیس کی وصولی کے ساتھ کی جانے والی پارکنگ پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ حمایت نگر سے بشیر باغ جانے والی سڑک پر موجود ایک معروف ہوٹل کے قریب نو پارکنگ کا بورڈ موجود ہے، لیکن اسی بورڈ کے نیچے پارکنگ کی اجازت دی جاتی ہے اور اس کے لئے فیس بھی وصول کی جارہی ہے۔ اسی طرح خیریت آباد چوراہے پر موجود ایک عالمی بینک کے قریب بھی یہی صورتحال ہے اور نو پارکنگ بورڈ کے نیچے فیس کے ساتھ پارکنگ کی اجازت فراہم کی جارہی ہے۔