پٹنہ 13 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) راشٹریہ جنتادل کے لیڈر تیج پرتاپ یادو نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا کہ انہوں نے خاندانی اختلافات کی وجہ سے خود کو پارٹی سے دور کرلیا ہے اور ان کے چھوٹے بھائی تیجسوی یادو نے بالادستی قائم کرلی ہے ۔ تیج پرتاپ یادو نے کہا کہ یہ در اصل کرشنا اور بلرام کے مابین اختلافات پیدا کرنے کی کوشش ہے ۔ وہ کچھ وقت سے عوامی حلقوں میں نظر نہیں آ رہے تھے اور پارٹی کے اعلی قائدین کے جاریہ ہفتے ہوئے اجلاس سے ان کی غیر حاضری کی وجہ سے کئی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مذہبی رسومات کیلئے متھورا گئے تھے ۔ وہاں وہ بیمار ہوگئے ۔ واپسی کے بعد وہ آرام کر رہے تھے اسی لئے وہ پارٹی اجلاس میں شریک نہیں تھے ورنہ سبھی جانتے ہیں کہ وہ پارٹی کے ہر اجلاس میںشرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اور خاندان میںکسی طرح کے اختلافات نہیں ہیں اور یہ سب لوگوں کی محض قیاس آرائیاں ہیں۔