نئی دہلی یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام ) یو پی ایس سی امتحان کے تنازعہ میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں گرما گرمی پیدا کردی ۔ ایک رکن نے ایک اخبار چاک کر کے اسے اسپیکر لوک سبھا کی جانب پھینکا ۔ راجیہ سبھا میں تقریباً تمام اپوزیشن نے واک آوٹ کیا کیونکہ حکومت نے مسئلہ کی یکسوئی کیلئے وقت کا تعین کرنے سے انکار کردیا تھا۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور پرکاش جاؤدیکرپر بھی راجیہ سبھا میں اپوزیشن نے سخت تنقید کرتے ہوئے ان کے برسر اقتدار پارٹی کے ارکان کو مبینہ طور پر احتجاج کیلئے ’’اُکسانے ‘‘پر اُن سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ۔
اپوزیشن ارکان نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ کھڑا کردیا جس کی وجہ سے راجیہ سبھا کا اجلاس لنچ سے قبل تین مرتبہ ملتوی کیا گیا ۔مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ حکومت یو پی ایس سی امیدواروں کے جاری احتجاج پر انتہائی سنجیدہ ہے اور تمام پہلووں کا جائزہ لے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی رپورٹ صرف ایک دن قبل داخل کی گئی ہے جس کا مطالعہ کیا جارہا ہے ۔ حکومت چاہتی ہے کہ مسئلہ کی جلد از جلد یکسوئی ہوجائے تاہم ان کے جواب سے احتجاجی ارکان مطمئن نہیں ہوئے وہ چاہتے تھے کہ مسئلہ کی یکسوئی کیلئے وقت کا تعین کیا جائے ۔حکومت کی جانب سے انکار پر تقریبا تمام اپوزیشن ارکان نے راجیہ سبھا سے واک آوٹ کیا ۔ لوک سبھا میں آر جے ڈی کے برہم رکن راجیش رنجن ایوان کے وسط میں ایک اخبار لہراتے ہوئے پہنچ گئے۔ وہ چاہتے تھے کہ یو پی ایس سی امتحان تنازعہ کے بارے میں بیان دیا جائے بعدازاں انہوں نے اخبار چاک کردیا اور ایوان کے وسط میں پھینک دیا ۔ کچھ پُرزے اسپیکر کی میز پر بھی گرے۔ وقفہ صفر کے دوران اسپیکر سمترا مہاجن نے اس کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی سرزنش کی اور کہا کہ ایوان میں ان کا رویہ نامناسب تھا ۔ انہیں معذرت خواہی پر مجبور کردیا ۔
ایسا ایک بار نیں بلکہ دور بار ہوگا ۔ راجیہ سبھا میں جب ارکان نے نشاندہی کی کہ حکومت نے 7 دن کا وقت مقرر کیا تھا لیکن یہ وقت گذر چکا ہے اور مسئلہ پر بیان نہیں دیا گیا جس پر مرکزی وزیر مملکت جتیندر سنگھ نے کہا کہ حکومت کو رپورٹ آج ہی وصول ہوئی ہے ۔یہ ایک حساس مسئلہ ہے اس پر مختلف نقاط نظر پائے جاتے ہیںاس لئے رپورٹ کا مطالعہ کرنے انہیں مہلت درکار ہے ۔ انہو ںنے اعتراف کیا کہ حکومت نے جو مہلت حاصل کی تھی وہ ختم ہوچکی ہے تاہم نشاندہی کی کہ درمیان میں تعطیلات تھے اور حکومت کو رپورٹ کا جائزہ لینے چار پانچ دن کا وقت ملا ۔ یو پی ایس سی کا ابتدائی انٹرنس امتحان 24 اگست کو مقرر ہے ۔