پارلیمنٹ میں روم کیلئے ٹی ایم سی اور ٹی ڈی پی میں رسہ کشی

گذشتہ 30 سال سے کمرہ استعمال کرنے ٹی ڈی پی کا دعویٰ
نئی دہلی 12 اگست (سیاست ڈاٹ کام )ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی ) اور تلگودیشم پارٹی (ٹی ڈی پی ) کے درمیان پارلیمنٹ ہاوس کے ایک مخصوص کمرے کے حصول کیلئے تنازعہ پیدا ہوگیا ہے ۔ یاد رہے کہ پارلیمنٹ ہاوس کے کمرہ نمبر 5 کو لیکر دونوں پارٹیاں گتھم گتھا ہیں جو پہلی منزل پر واقع ہے جس پر ٹی ڈی پی کا عرصہ دراز سے قبضہ ہے لیکن 6 اگست کو یہی کمرہ ممتابنرجی کی قیادت والی پارٹی کے حوالے کردیا گیا جبکہ ڈی پی کو تیسری منزل پر کمرہ الاٹ کیا گیا ہے لیکن چونکہ پارٹی نے کمرہ نمبر 5 کا گذشتہ 30 سال سے استعمال کیا ہے لہذا وہ کمرہ خالی کرنے کے موڈ میں نظر نہیں آتی ۔ تاہم کل جب ٹی ڈی پی قائدین نے دیکھا کہ کمرے کے باہر ناموں کی تختی سے پارٹی قائدین کے ناموں کی تختی ہٹا دی گئی ہے تو ٹی ڈی پی ارکان نے اسپیکر سمترا مہاجن کو اس کے بارے میں مکتوب تحریر کیا ۔ تلگودیشم قائد نے کہا کہ ہم گذشتہ 30 سال سے کمرہ استعمال کرتے آئے ہیں۔