حیدرآباد۔یکم فروری، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈا رام نے چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ جانتے ہوئے کہ ریاست کی تقسیم کو روکا نہیں جاسکتا پھر بھی کرن کمارریڈی اپنی ڈرامہ بازی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر کودنڈا رام نے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی پیشکشی یقینی ہے اور مجوزہ پارلیمنٹ سیشن میں بل کی منظوری کے ساتھ ہی کرن کمار ریڈی کی ڈرامہ بازی ختم ہوجائے گی۔ ریاست کی تقسیم کو روکنے کیلئے کرن کمار ریڈی اور ان کے حامیوں کی ناکام کوششوں کے صرف چند دن باقی رہ گئے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ کرن کمار ریڈی چیف منسٹر کی حیثیت سے اپنے اختیارات کا بیجا استعمال کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے وزراء سے مطالبہ کیا کہ وہ چیف منسٹر کی مخالف تلنگانہ سرگرمیوں کا منہ توڑ جواب دیں۔ بصورت دیگر عوام کے درمیان ان کا شمار تلنگانہ کے غداروں میں ہوجائے گا۔ انہوں نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی پر زور دیا کہ وہ راجیہ سبھا کے انتخابات میں تلنگانہ امیدواروں کے حق میں ووٹ دیتے ہوئے انہیں کامیابی سے ہمکنار کریں۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی آخری دن کی کارروائی میں اسپیکر اسمبلی نے جو اعلان کیا اس میں دو حصے قابل غور ہیں۔ پہلا یہ کہ اسپیکر نے اعلان کیا کہ تلنگانہ مسودہ بل پر ایوان کی رائے صدر جمہوریہ کو روانہ کی جائے گی۔ اس کے بعد انہوں نے چیف منسٹر کی جانب سے پیش کردہ تحریک کو ووٹنگ کیلئے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے پیش کردہ تحریک کو قواعد کے برخلاف پیش کیا گیا ہے۔