پائلٹ نشہ میں دھت، پرواز اور لائسنس منسوخ

کولمبو ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی حکام نے اپنی قومی ایرلائنز کے ایک پائلٹ کا لائسنس منسوخ کردیا کیونکہ پرواز سے کچھ دیر قبل کئے گئے ٹسٹ میں اسے شراب کے نشے میں پایا گیا تھا جس کی وجہ سے 259 مسافروں کو 15 گھنٹے کی تاخیر برداشت کرنا پڑی تھی۔ ڈائرکٹر جنرل سیول اسوسی ایشن ایچ ایم سی نمل سری نے اوپندر رناویرا کے نام تحریر کردہ ایک مکتوب میںکہا کہ مذکورہ پائلٹ کا لائسنس فوری اثر کے ساتھ منسوخ کردیا گیا ہے جبکہ اس معاملہ کی مزید تحقیقات بھی کی جائے گی۔ رنا ویرا کو وجہ نمائی نوٹس بھی جاری کی گئی ہے کہ اندرون 15 دن ان کا پائلٹ لائسنس کیوں نہ منسوخ کردیا جائے۔ 19 اگست کو سری لنکن ایرلائنز کا طیارہ فرینکفرٹ سے کولمبو کیلئے پرواز کرنے والا تھا تاہم روانگی سے قبل جب پائلٹ رنا ویراکا ٹسٹ کیا گیا تو وہ شراب کے نشے میں پائے گئے تھے جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی اور دوسرے پائلٹ کا انتظام کرنے میں 15 گھنٹے لگ گئے جس کیلئے مسافرین کے کھانے پینے اور قیام کاانتظام ہوٹلوں میں کیا گیا تھا اور سری لنکائی اسوسی ایشن قوانین کے مطابق انہیں غیرمعمولی تاخیر کی زحمت جھیلنے پر مناسب معاوضہ بھی دیا جائے گا۔