کانپور ۔ 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک 10سالہ لڑکے نے ایک ٹی وی سیریل میں جب یہ دیکھا کہ ہیرو پولیس کو 100 نمبر پر ڈائیل کرتے ہوئے طلب کرتا ہے تو پولیس فوری پہنچ جاتی ہے۔ لہٰذا اس نے بھی پولیس کنٹرول روم کو بم دھماکہ کی جھوٹی اطلاع دی۔ پولیس نے بتایا کہ 10 سالہ لڑکا شمیم جو راوت پور کا ساکن ہے، نے پولیس کو نمک کے ایک کارخانے میں بم دھماکے کی جھوٹی اطلاع دی۔ پولیس ٹیم جب وہاں پہنچی تو پتہ چلا کہ اطلاع جھوٹی تھی۔ تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ جھوٹی کال کرنے والا کوئی اور نہیں بلکہ 10 سالہ لڑکا شمیم تھا۔ اس نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ دیکھنا چاہتا تھا کہ جس طرح ٹی وی سیریل میں ایک فون کرتے ہی پولیس حاضر ہوجاتی ہے، حقیقت میں بھی ایسا ہوتا ہے یا نہیں۔ ایس پی (ریورل) انیل مشرا نے کہا کہ لڑکے کے ارکان خاندان کی پولیس نے سرزنش کی اور لڑکے کو بھی انتباہ دیا کہ وہ آئندہ ایسی غلطی نہ کرے ورنہ اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔ مشرا نے کہا کہ لڑکا چونکہ نابالغ ہے لہٰذا ہم صرف وارننگ دیکر چھوڑ رہے ہیں اگر کسی بالغ شخص نے ایسا کیا ہوتا تو پولیس اس کے خلاف سخت کارروائی کرتی۔