ٹی بی ہاسپٹل کی منتقلی کے اعلان پر ڈاکٹر قائم خاں کا احتجاج

حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : صدر مجلس بچاؤ تحریک ڈاکٹر قائم خاں نے تاریخی حیثیت کے حامل ٹی بی ہاسپٹل کی ریاستی حکومت کی جانب سے منتقلی کے اعلان پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ٹی بی ہاسپٹل ایرہ گڈہ جو ساوتھ ایشیا کا نمبر ون ہے ۔ جہاں پر حیدرآباد ہی نہیں بلکہ دور دراز کے ٹی بی مریض علاج کے لیے یہاں آتے ہیں جس کو ٹی آر ایس حکومت اس ہاسپٹل کو منتقل کرنے کا اعلان کررہی ہے جو کہ سراسر نا انصافی ہے ۔ ڈاکٹر قائم خاں نے کہاکہ 1995 میں جب کہ تلگو دیشم حکومت برسر اقتدار تھی منتقلی کی کوشش کی تھی ۔ صدر ایم بی ٹی نے اس منتقلی کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع ہو کر اس حکومت کے خلاف منتقلی کو روکنے کے احکامات صادر کروائے تھے ۔ آج دوبارہ تلنگانہ حکومت اس کو منتقل کرنے کی بات کررہی ہے ۔ ڈاکٹر قائم خاں نے کہا کہ اس ہاسپٹل کا ایک تاریخی ریکارڈ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبرہ فخر الملک کے تحت اس وسیع اراضی پر حکومت کی نظر ہے ۔ ڈاکٹر قائم خاں نے کہا کہ اس ہاسپٹل کو ترقی و جدید آلات مہیا کرنے کے بجائے اس کو منتقل کرنے کی بات کی جارہی ہے ۔ جس کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے ٹی آر ایس حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اس فیصلہ کو واپس لے ورنہ مجلس بچاؤ تحریک عوامی احتجاج شروع کرے گی ۔ شہر میں ٹی بی کا یہ واحد ہاسپٹل ہے جس سے ٹی بی کے مریض استفادہ کرتے ہیں ۔ اور یہاں پر ٹی بی کا موثر علاج ہوتا ہے ۔۔