ٹی بی و چیسٹ ہاسپٹل کی منتقلی کی کارروائی میں سرعت

وقار آباد میں ٹی بی سنیٹوریم کی مرمت و تزئین کیلئے 7 کروڑ 70 لاکھ روپئے منظور
حیدرآباد۔/27جنوری، ( سیاست نیوز) حکومت نے ایرا گڈہ میں واقع ٹی بی و چیسٹ ہاسپٹل کی وقارآباد منتقلی کی کارروائی کو تیز کردیا ہے۔وقار آباد میں ٹی بی سنیٹوریم کی مرمت اور تزئین نو کیلئے حکومت نے آج 7کروڑ 70لاکھ روپئے منظور کئے ہیں۔ پرنسپال سکریٹری میڈیکل اینڈ ہیلت سریش چندا نے آج اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔ حکومت نے ایرا گڈہ میں واقع سرکاری ٹی بی اینڈ چیسٹ ہاسپٹل کو ضلع رنگاریڈی کے وقارآباد کے موضع اننتا گیری میں واقع ٹی بی سنیٹوریم منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ہاسپٹل کی منتقلی کے امکانات کا جائزہ لینے کیلئے وقارآباد کا دورہ کریں اور اس سلسلہ میں حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر اور چیف انجینئر نے حکومت کی ہدایت کے مطابق ٹی بی سنیٹوریم ہاسپٹل اننت گیری کا دورہ کیا اور حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے مرمت و تزئین نو کے کاموں کیلئے 7کروڑ 70لاکھ روپئے کی منظوری کی درخواست کی۔ انہوں نے ٹی بی اینڈ چیسٹ ہاسپٹل ایرا گڈہ کی منتقلی اور وہاں درکار سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں حکومت کو تجاویز پیش کی ہیں۔ حکومت نے اس معاملہ کا جائزہ لیا اور 7کروڑ 70لاکھ روپئے کی منظوری کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے ڈائرکٹر پبلک ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر تلنگانہ اور منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل سرویسس انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن کو اس سلسلہ میں ضروری کارروائی کی ہدایت دی تاکہ چیسٹ ہاسپٹل کی منتقلی کا کام جلد از جلد مکمل کرلیا جائے۔ حکومت نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تعمیر و مرمت کا کام تین تا چار ماہ میں مکمل کرلیا جائے۔ اسی دوران چیسٹ و ٹی بی ہاسپٹل کی منتقلی کے خلاف ہاسپٹل کے ڈاکٹرس اور ملازمین کے علاوہ کئی رضاکارانہ تنظیموں نے احتجاج منظم کیا۔ احتجاج کے سبب ہاسپٹل کا کام کاج متاثر ہوگیا اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بتایا جاتا ہے کہ دواخانہ میں شریک مریض بھی وقارآباد منتقلی کی مخالفت کررہے ہیں۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ کئی برسوں سے ایرا گڈہ میں یہ ہاسپٹل خدمات انجام دے رہا ہے اور اس کی منتقلی سے عوام کیلئے مشکلات پیدا ہوں گی۔ ہاسپٹل کے ملازمین نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی تشکیل کے ذریعہ احتجاج میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حال ہی میں ان دونوں ہاسپٹلس کی ایرا گڈہ سے منتقلی کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے ان دونوں ہاسپٹلس کا نہ صرف معائنہ کیا بلکہ وہاں موجود طبی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔ ایرا گڈہ میں واقعہ چیسٹ ہاسپٹل اور وقارآباد میں موجود ٹی بی ہاسپٹل نظام دور حکومت میں قائم کیا گیا ہے۔ ایرا گڈہ میں جگہ کی کمی اور ماحولیاتی آلودگی کے سبب مریضوں کو دشواریوں کے پیش نظر حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔