ٹی ایس پرائم اسکیم کی رقم میں اضافہ کا مطالبہ

حیدرآباد 25 مارچ ( سیاست نیوز ) ریاست میں اقلیتوں کیلئے متعارف کردہ ’ ٹی ایس پرائم ‘ اسکیم کے لیے مختص کردہ رقم 25 کروڑ میں اضافہ کر کے 50 کروڑ کرنے کا ایم ایل سی مجلس مسٹر سید الطاف حیدر رضوی نے حکومت سے مطالبہ کیا اور کہا کہ مساجد اور عاشور خانوں وغیرہ کی آہک پاشی کیلئے مختص رقومات ضلع کلکٹروں کی جانب سے خرچ نہیں کی جارہی ہیں ۔ لہذا تمام ضلع کلکٹروں کو ضروری ہدایات حکومت کی جانب سے دی جانی چاہئے ۔ کونسل میں اقلیتی و دیگر طبقات کی بہبود پر مختصر مباحث میں انہوں نے اقلیتوں کی بہبود کے اقدامات کی ستائش کی اور بتایا کہ اقلیتی اقامتی اسکولس کا قیام اقلیتی طبقہ کے بچوں کو بہتر تعلیمی سہولتوں کی فراہمی میں کافی مددگار ثابت ہورہے ہیں ۔ انہوں نے گوشہ محل علاقہ میں اقلیتی اسکول کے قیام کیلئے اقدامات کی حکومت سے خواہش کی ۔ علاوہ ازیں مرکزی حکومت کے اسکالر شپس حاصل کرنے میں ناکام طلباء کو اسی مناسبت سے حکومت کی جانب سے اسکالر شپس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے قبرستانوں کی اراضیات پر غیر مجاز قبضے ہوتے جارہے ہیں اور قبرستانوں میں تدفین کے لیے جگہ نہیں ہے ۔ لہذا قبرستانوں کیلئے سرکاری اراضی فراہم کرنے کے ساتھ شیعہ طبقہ کیلئے علحدہ اراضی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔