ٹی ایس آر ٹی سی کا 28 مئی سے باضابطہ آغاز ، تقسیم کا عمل مکمل

کارپوریشن کے ’ لوگو ‘ کا رسم اجراء ، اردو ندارد ، وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : وزیر ٹرانسپورٹ تلنگانہ مسٹر پی مہیندر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی تشکیل جدید کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور جاریہ ماہ 28 مئی سے ٹی ایس آر ٹی سی علحدہ طور پر مکمل اختیارات کے ساتھ کارکرد رہے گی اور چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نو تشکیل شدہ ( ٹی ایس آر ٹی سی ) کے جدید ’ لوگو ‘ کی بھی سرکاری طور پر منظوری دے چکے ہیں ۔ مسٹر پی مہیندر ریڈی آج یہاں جدید کارپوریشن کے ’ لوگو ‘ کا رسم اجراء انجام دینے کے بعد پریس کانفرنس کو مخاطب تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست کے عوام کو محکمہ آر ٹی سی کی جانب سے بہتر سے بہتر تمام اہم بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور مسافرین کے سفر کو آسان اور آرام دہ بناتے ہوئے ریاست بھر میں آر ٹی سی کو وسعت دینے کی غرض سے 150 کروڑ روپئے کی منظوری دے چکے ہیں ۔ ٹی ایس آر ٹی سی محکمہ کی پلے ویلگو بسوں کے رنگ میں بھی تبدیلی کی گئی ہے ۔ عنقریب محکمہ ٹی ایس آر ٹی سی کے لیے عصری اور آرام دہ اور سہولت بخش بسیس خریدی جن میں 60 جدید راجدھانی اے سی بسیں ( اندرا ) ، خریدی جائیں گی ۔ جس پر 20 کروڑ کا صرفہ عائد ہوگا ۔ جب کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک 10 کروڑ کے صرفہ سے 10 نئی گروڈا پلس والوو اے سی ملٹی ایکسل بسیں مہیا کردی جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر نے ریاست کی تمام سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے بھی رقمی منظوری دی ہے جس کے نتیجہ میں آر ٹی سی بسوں کو ریاست کے تمام مواضعات تک رسائی میں آسانی ہوگی ۔ تلنگانہ میں ہر روز محکمہ آر ٹی سی زائد از 93 لاکھ افراد کو سفر کی سہولتیں مہیا کررہی ہے ۔ جب کہ صرف حیدرآباد ہی میں ہر روز 35 تا 40 لاکھ افراد آر ٹی سی سے استفادہ کررہے ہیں ۔ آر ٹی سی چارجس میں اضافہ انتہائی ناگزیر ہوگیا ہے جب کہ آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہوں میں بھی 44 فیصد فٹمنٹ کا اضافہ کیا جاچکا ہے ۔ آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ سے متعلق عنقریب ایک اجلاس طلب کر کے کوئی فیصلہ کیا جائے گا ۔ آر ٹی سی کے ’ لوگو ‘ میں اردو زبان کی عدم موجود گی پر کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر مہیندر ریڈی نے کہا کہ مذکورہ لوگو کاانتخاب لوگو کی تیاری کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی نے کیا اور اس کی ذمہ داری کمیٹی پر عائد ہوتی ہے ۔ جب کہ وہ اس کے ذمہ دار نہیں ہیں البتہ گنجائش ہو تو لوگو میں اردو تحریر کے لیے کوشش کی جائے گی ۔ اس موقع پر ایگزیکٹیو ڈائرکٹر ( ایچ آر ڈی اینڈ میڈیکل ) اینڈ سکریٹری ٹو کارپوریشن مسٹر ایم رویندر ، ڈائرکٹر ویجلنس مسٹر کے وی وی گوپال راؤ آئی پی ایس ، جوائنٹ مینجنگ ڈائرکٹر مسٹر جی وی رمنا راؤ ، ایکزیکٹیو انجینئرس مسٹر جیا راؤ بھی موجود تھے ۔۔