ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر کا الزام
حیدرآباد۔ 22 مارچ (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے لوک سبھا کی نشستوں کی تقسیم میں تلنگانہ تحریک میں سرگرم حصہ لینے والے قائدین کو نظرانداز کردیا ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ایسے قائدین کو امیدوار بنایا جنہوں نے تلنگانہ تحریک میں سرگرم حصہ لیا تھا اور عہدوں کی پرواہ کیے بغیر دہلی میں جدوجہد کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سابق ارکان پارلیمنٹ جی وویک، جی سکھیندر ریڈی اور ایم جگنادھم کو ٹکٹ سے محروم کرنا کے سی آر کے حقیقی چہرے کو بے نقاب کرتا ہے۔ دوسری طرف کانگریس نے پونم پربھاکر، بلرام نائک، مدھو یاشکی، انجن کمار یادو، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، رمیش راتھوڑ جیسے قائدین کو ٹکٹ دیا جو تلنگانہ تحریک میں کافی سرگرم رہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے بارے میں کے سی آر کس حد تک سنجیدہ ہیں امیدواروں کی فہرست سے ظاہر ہوتا ہے۔ انہوں نے نئی ریاست میں شہیدان تلنگانہ کے ا فراد خاندان کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تھا لیکن آج تک شہیدوں کے خاندان امداد کے لیے ترس رہے ہیں۔