ٹی آر ایس کا پلینری سیشن ایک ہفتہ کیلئے ملتوی

امکانی طوفان کے پیش نظر چیف منسٹر تلنگانہ و صدر ٹی آر ایس کا فیصلہ

حیدرآباد۔/9اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے 11 اور 12 اکٹوبر کو منعقد ہونے والے پلینری سیشن کو ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔ امکانی طوفان کے پیش نظر تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں شدید بارش کی پیش قیاسی کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے یہ فیصلہ کیا۔ پلینری سیشن اب 18اور 19اکٹوبر کو حیدرآباد میں منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر نے جو ٹی آر ایس کے صدر بھی ہیں‘ پارٹی کے قائدین کے ساتھ اس سلسلہ میں مشاورت کی جس پر انہیں بتایا گیا کہ طوفان کے امکانات کے سبب پلینری میں اضلاع سے شرکت کرنے والوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پارٹی قائدین اور حامیوں کی شرکت میں دشواریوں اور بارش کے سبب لال بہادر اسٹیڈیم اور پریڈ گراؤنڈ کے پروگراموں میں رکاوٹ کے اندیشے کے تحت ایک ہفتہ کیلئے تاریخوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔ طئے شدہ پروگرام کے مطابق 18اکٹوبر کو لال بہادر اسٹیڈیم میں مندوبین کا اجلاس ہوگا۔ تلنگانہ کے 10اضلاع سے تقریباً 30ہزار مندوبین کی شرکت متوقع ہے جن میں مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں سے لیکر ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی شامل ہوں گے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ 19اکٹوبر کو پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد میں جلسہ عام منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کارکنوں، قائدین اور عوام کو مشکلات سے بچانے کیلئے پلینری ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کیا گیا۔ چیف منسٹر نے پارٹی قائدین اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع اور اسمبلی حلقہ کی سطح پر اپنے اجلاس جاری رکھیں اور پلینری کی کامیابی کیلئے کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔