ٹی آر ایس سے علیحدگی کی اطلاعات بے بنیاد: ہریش راؤ

حیدرآباد 25 اپریل (یو این آئی) ریاستی وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے ٹی آر ایس سے علیحدگی یا بغاوت کی اطلاعات کو یکسر مسترد کردیا۔ اُنھوں نے بعض گوشوں میں جاری قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ وہ ٹی آر ایس سے علیحدگی اختیار نہیں کررہے ہیں۔ اُنھوں نے آج ورنگل میں آج پارٹی کے منعقد ہونے والے جلسہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اِس موقع پر میڈیا کے نمائندوں نے اُن سے اپوزیشن جماعت کانگریس میں امکانی شمولیت کے تعلق سے سوال کیا جس پر ہریش راؤ نے پرزور تردید کی۔ اُنھوں نے واضح طور پر کہاکہ وہ پارٹی نہیں چھوڑیں گے اور اپوزیشن جماعتیں عوام کے بھروسے سے محروم ہوگئی ہیں اِس لئے غیر ضروری افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔ ہریش راؤ نے دعویٰ کیاکہ آئندہ انتخابات میں اپوزیشن موجودہ نشستوں سے بھی محروم ہوجائے گی۔ اپوزیشن جماعتوں کو اپنی کامیابی کی کوئی اُمید نہیں اِس لئے افواہوں کا سہارا لیا جائے گا۔