ٹی آر ایس حکومت پر بی جے پی صدر امیت شاہ کی سخت تنقید

تلگو میں ٹوئیٹ ، پارٹی کارکنوں حکومت کے خلاف مہم کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 24۔ستمبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے پہلی مرتبہ تلگو زبان میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ گھر گھر جاکر عوام میں شعور بیدار کرے۔ مرکز کی جانب سے متعارف کردہ غریب عوام کے لئے صحت سے متعلق جنا آروگیہ یوجنا آیوشمان بھارت کو تلنگانہ میں عمل نہ کرنے کے فیصلہ پر تنقید کرتے ہوئے امیت شاہ نے تلگو زبان میں ٹوئیٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آیوشمان بھارت اسکیم جسے وزیراعظم نریندر مودی نے شروع کیا ہے، وہ دنیا بھر میں منفرد اور عظیم اسکیم ہے۔ اس اسکیم کو عوام سے محروم رکھنا افسوسناک ہے اور تلنگانہ حکومت کا اقدام قابل مذمت ہے۔ امیت شاہ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے اپنی خودغرض ذہنیت کے سبب تلنگانہ کے غریبوں کو اس عظیم اسکیم کے فوائد سے محروم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کو چاہئے کہ عوام کو جواب دے۔ مخالف غریب فیصلے کے خلاف بی جے پی کارکنوں کو چاہئے کہ وہ ٹی آر ایس حکومت کی مذمت کریں۔ گھر گھر جاکر عوام میں شعور بیدار کیا جائے ۔ واضح رہے کہ غریبوں کو بہتر علاج کی سہولت فراہم کرنے کیلئے مرکز نے آیوشمان بھارت نام سے اسکیم متعارف کی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے اس اسکیم پر ریاست میں عمل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ریاست میں پہلے ہی آروگیہ شری نام سے اس طرح کی اسکیم موجود ہے، لہذا مرکزی اسکیم کی ضرورت نہیں۔ تلنگانہ حکومت کے فیصلہ کے خلاف امیت شاہ کے تلگو میں ٹوئیٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی قیادت نے تلنگانہ کے وسط مدتی انتخابات پر توجہ مرکوز کرلی ہے۔ امیت شاہ اکتوبر میں تلنگانہ کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں وہ پارٹی امیدواروں اور انتخابی منشور کو قطعیت دیں گے۔