حادثہ میں ہلاک کارکن کے افراد خاندان کو 2 لاکھ بیمہ کا چیک حوالے
حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی کیلئے کام کرنے والے ہر کارکن کو مکمل شناخت حاصل رہے گی اور تلنگانہ جدوجہد میں حصہ لے کر ٹی آر ایس کے اقتدار کیلئے مساعی کرنے والے ہر کارکن کا پارٹی سہارا بنے گی۔ ہریش راؤ نے آج سدی پیٹ ضلع کے چنا کوڈور منڈل سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکن کی سڑک حادثہ میں موت پرانشورنس سے حاصل ہونے والی 2 لاکھ کی رقم کا چیک افراد خاندان کو پیش کیا۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے کہا کہ پارٹی کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد حادثہ میں ہلاک ہونے والے کارکنوں کو پارٹی کی جانب سے انشورنس کرتے ہوئے 2 لاکھ روپئے کا حادثاتی بیمہ ادا کیا جائے گا۔ سدی پیٹ حلقہ میں حال ہی میں 18 کارکنوں کے ارکان خاندان کو انشورنس کی رقم ادا کی گئی ہے اور تازہ واقعات میں 2 کارکنوں کی حادثات میں موت واقع ہوگئی اور انہیں بھی پارٹی نے انشورنس کی رقم کا انتظام کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کارکنوں کی بھلائی پر پارٹی کی خصوصی توجہ ہے اور ان کی معاشی ترقی کے علاوہ پارٹی میں مناسب مقام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ ہمیشہ ہی پارٹی کارکنوں کی بھلائی کے حق میں سوچتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پارٹی کارکن دل و جان سے پارٹی کیلئے کام کرتے ہیں۔