ٹی آر ایس کے وفادار اور سینئر قائدین کیساتھ انصاف رسانی کا تیقن

بورڈس اور کارپوریشن میں نامزد عہدے، کانگریس پر تنقید، ٹی ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 27 فبروری (سیاست نیوز) ریاستی وزیرآبپاشی و مارکٹنگ ہریش راؤ نے کانگریس پارٹی پر ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کیا۔ پارٹی کے وفادار سپاہیوں کو کارپوریشن اور بورڈ کے نامزد عہدوں میں مکمل انصاف کرنے کا تیقن دیا۔ ہریش راؤ نے کانگریس کے آویدنا سملن پروگرامس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے ریاست کے عوام مطمئن ہیں انہیں کوئی مسائل نہیں ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر دن رات محنت کرتے ہوئے سماج کے تمام طبقات سے انصاف کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کانگریس و تلگودیشم کے دورحکومت میں جو کام نہیں ہوئے وہ ٹی آر ایس کے ڈھائی سالہ دورحکومت میں انجام دیئے گئے ہیں۔ اچھے کاموں کی ستائش کرتے ہوئے اپوزیشن کا تعمیری رول انجام دینے کے بجائے تنقید برائے تنقید کرتے ہوئے ریاست میں اپنے وجود کو برقراررکھنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے۔ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر آبپاشی پراجکٹس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ زیرالتواء آبپاشی پراجکٹس کی ری ڈیزائننگ کرتے ہوئے تلنگانہ کے مفادات کا مکمل تحفظ کیا جارہا ہے اور تلنگانہ کی ا یک کروڑ اراضی کو سیراب کرنے کی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے۔ ماضی میں تلنگانہ سے جو ناانصافیاں ہوئی ہیں، اس کو دور کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پڑوسی ریاستوں کے ساتھ بگڑے تعلقات کو بہتر بنایا جارہا ہے جو کانگریس کے علاوہ دوسری اپوزیشن جماعتوں کو خطرہ محسوس ہورہا ہے۔ اپنے وجود کو برقرار رکھنے کیلئے وہ حکومت اور چیف منسٹر پر من گھڑت اور بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر پارٹی کے وفادار سپاہیوں سے انصاف کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ کارپوریشن اور بورڈ کے نامزد عہدوں پر پارٹی کے استحکام اور حکومت کی فلاحی اسکیمات کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کرنے والوں سے مکمل انصاف کیا جائے گا۔ ریاست کے تمام اضلاع سے پارٹی کے سینئر اور وفادار قائدین کے ناموں کی فہرست طلب کی جارہی ہے۔