ٹی آر ایس کے جلسہ کو کامیاب بنانے کی اپیل

حیدرآباد ۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست نیوز) ایک ایسے وقت جبکہ ریاست میں قبل از وقت انتخابات یقینی دکھائی دے رہے ہیں، حکمراں ٹی آر ایس اپنی طاقت اور عوامی مقبولیت کا مظاہرہ کرنے کل شہر کے مضافاتی علاقہ کونگرکلاں میں عظیم الشان جلسہ عام کا اہتمام کررہی ہے جس میں ٹی آر ایس قائدین کے دعوؤں کے مطابق 25 لاکھ افراد شرکت کریں گے۔ جلسہ کی تیاریوں میں پارٹی کے دیگر قائدین کے ساتھ ساتھ مسلم قائدین و کارکنان بھی مصروف ہیں جن میں ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم، صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سید اکبر حسین، صدرنشین کھادی اینڈ ولیج بورڈ مولانا محمد یوسف زاہد، صدرنشین ریاستی حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان، صدرنشین سٹ ون عنایت علی باقری، صدرنشین ریاستی اقلیتی کمیشن جناب محمد قمرالدین شامل ہیں۔ ریاستی کارپوریشنوں اور بورڈس کے مسلم صدور نے سیاست نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست کے کونے کونے سے مسلمان بھی کثیر تعداد میں اس تاریخی جلسہ میں شرکت کرنے والے ہیں کیونکہ چیف منسٹر ایک مسلم دوست ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں کی بہبود کیلئے بے شمار اقدامات کئے ہیں جن میں چیف منسٹرس اوورسیز اسکالر شپ اسکیم، شادی مبارک اسکیم، ائمہ و مؤذنین کو اعزازیہ کی پیشکش اور اقلیتی بجٹ میں غیرمعمولی اضافہ اور بیروزگار اقلیتی نوجوانوں کو کاروبار کیلئے خصوصی سبسیڈی کی حامل امداد کی فراہمی بھی شامل ہیں۔ جناب محمد سلیم نے بتایا کہ پارٹی کے مسلم قائدین ٹی آر ایس کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے بطور خاص ائمہ و مؤذنین سے شرکت کی پرزور اپیل کی۔ جناب اکبر حسین نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی مسلم دوستی سارے ملک میں مثالی ہے۔ انہوں نے عوام سے جلسہ کو کامیاب بنانے کی درخواست کی۔ مولانا یوسف زاہد نے جو ورنگل سے تعلق رکھتے ہیں، مذہبی حلقوں میں ان کی شبیہہ بھی اچھی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے جلسہ عام میں شرکت کرکے اسے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ ریاستی حج کمیٹی کے صدرنشین محمد مسیح اللہ نے بھی بتایا کہ کے سی آر حکومت نے عازمین کی خدمت میں اور انہیں سہولتیں مہیا کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ وہ مسلمانوں کے ہمدرد ہیں۔ سٹ ون کے چیرمین عنایت علی باقری نے حیدرآباد و سکندرآباد کے مسلمانوں سے جلسہ عام میں شرکت کی درخواست کی اور کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر مسلم قائدین اور مسلمانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے سارے ملک میں اپنی مثال آپ ہے۔ جناب محمد قمرالدین صدرنشین ریاستی اقلیتی کمیشن نے بھی مسلمانوں سے ٹی آر ایس جلسہ میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کی اپیل کی اور کہا کہ چیف منسٹر مسلمانوں کے حقوق کا خاص خیال رکھتے ہیں۔