کانگریس سے ہی تلنگانہ کی ترقی کا دعویٰ ، صدر کل ہند کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 14 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل بھوپتی ریڈی اور تلگو فلم پروڈیوسر بنڈلہ گنیش نے دہلی پہونچ کر کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ اس موقع پر اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ کانگریس امور آر سی کنٹیا اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی بھی موجود تھے ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بھوپتی ریڈی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس پارٹی ہی تلنگانہ کو سنہری ریاست میں تبدیل کرسکتی ہے ۔ کارگزار چیف منسٹر کے سی آر نے سنہرے تلنگانہ کا نعرہ دیا جس سے متاثر ہو کر لاکھوں نوجوانوں نے تلنگانہ تحریک کو نقطہ عروج پر پہونچایا سینکڑوں نوجوانوں نے اپنی زندگیاں قربان کی ۔ جس سے متاثر ہو کر سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ۔ لیکن اقتدار حاصل کرنے والے کے سی آر نے تلنگانہ کو سنہری ریاست میں تبدیل کرنے کے بجائے اپنے ارکان خاندان کو گولڈن فیملی میں تبدیل کردیا ۔ تلنگانہ تحریک میں تلنگانہ ریاست کی مخالفت کرنے والے قائدین کا ٹی آر ایس میں سرخ قالین پر استقبال کیا جارہا ہے ۔ مگر مجاہدین تلنگانہ کو نظر انداز کردیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ کابینہ میں نصف وزراء کی تعداد مخالفین تلنگانہ کی ہے ۔ جب کہ انہوں نے تلنگانہ کی تحریک میں اپنی انگلی بھی نہیں کٹائی مگر آج اپنے آپ کو مجاہد تلنگانہ کی طرح پیش کررہے ہیں ۔ ٹی آر ایس کے انتخابی منشور سے ایک لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ۔ مگر وعدہ پورا کرنے سے قبل اسمبلی تحلیل کردی گئی ۔ تلنگانہ میں 4000 سے زائد کسان خود کشی کرچکے ہیں ۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے ۔ ریاست میں عوام کانگریس کو قبول کررہے ہیں ۔ عوام اور اپنے حامیوں کی رائے پر وہ آج کانگریس میں شامل ہوئے ہیں تلگو فلم پروڈیوسر بنڈلہ گنیش نے کانگریس کو قربانیاں دینے والی جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت انہیں جہاں سے مقابلہ کرنے کا حکم دے گی وہ وہاں سے مقابلہ کریں گے ۔۔