ٹی آر ایس کی کامیابی کا سروے بوگس

چیف منسٹر ‘ کے ٹی آر کو مستعفی کروائیں ‘ کانگریس مقابلہ کریگی ‘ محمد علی شبیر
حیدرآباد۔ 28 مئی (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے ٹی آر ایس صدر کے چندر شیکھر راؤ کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ محض آئندہ انتخابات میں شکست کے خوف سے ایک زائد مرتبہ تلنگانہ حکومت کی کارکردگی و ٹی آر ایس کے موقف کے تعلق سے سروے کروا رہے ہیں اور اپنی موافقت میں سروے رپورٹس حاصل کررہے ہیں۔ محمد علی شبیر نے چیف منسٹر کے سروے رپورٹس کو بوگس قرار دیا اور کہا کہ دیہی علاقوں میں ٹی آر ایس کے تعلق سے عوام میں غیرمعمولی منفی ردعمل ہے۔ محمد علی شبیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اگر کے سی آر میں ہمت ہو تو قبل از وقت انتخابات کر دکھائیں یا کم از کم چندر شیکھر راؤ اپنے فرزند کے ٹی آر کو مستعفی کرواکر حلقہ سرسلہ سے انتخاب لڑانے پر کانگریس بھی انتخابی مقابلہ کرنے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ سرسلہ کو سروے رپورٹس کے مطابق دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ کانگریس کے ٹی آر سے مقابلہ کیلئے تیار ہے۔ قائد اپوزیشن نے چیف منسٹر سے جاننا چاہا کہ آخر کے ٹی راما راؤ صرف دو ماہ کے اندر 46 فیصد سے 91 فیصد تک کیسے پہونچ گئے۔ آیا چیف منسٹر اس کی وضاحت کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ہر معاملہ میں تلنگانہ عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھانے کے عادی ہیں لیکن ہمیشہ ایک طریقہ کارگر نہیں ہوگا ‘عوام ہر بات کا سنجیدگی سے جائزہ لیا کرتے ہیں۔