ٹی آر ایس کو عوام اقتدار سے بیدخل کردیں گے : اتم کمار ریڈی

مسلمانوں کو تحفظات اور ڈبل بیڈ روم مکانات کے وعدہ وفا نہ ہوسکے ۔پیدا پلی میں خطاب

حیدرآباد۔ 2اپریل ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس کو بجٹ سیشن تک معطل کرنے والی ٹی آر ایس کو ریاست کے عوام اقتدار سے بیدخل کردیں گے ۔ آج شام پداپلی میں پرجا چینتیہ یاترا کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے ۔ عوام آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔ کے سی آر کی اقتدار پر برقراری دستور ہند کیلئے بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہے ۔ عبادت گاہوں کا درجہ رکھنے والی اسمبلی میں صدرنشین قانون ساز کونسل سوامی گوڑ پر حملہ کا ڈرامہ کرکے توہین کی گئی ہے اورکانگریس کے ارکان کو بجٹ سیشن تک نہ صرف معطل کیا گیا ‘ بلکہ دو ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کی رکنیت منسوخ کی گئی ہے جس کی کانگریس مذمت کرتی ہے ۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ اسمبلی میں کوئی حملہ نہیں ہوا اور نہ کوئی زخمی ہوا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر عوام سے وضاحت کریں ایڈوکیٹ جنرل پرکاش ریڈی نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ کیوں دیا ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر اور اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری سے دریافت کیا کہ وہ ہائیکورٹ کو حملے کا ویڈیو فٹیج دینے سے کیوںگریز کر رہے ہیں ۔ چیف منسٹر پر اقتدار سے بیدخلی کا خوف طاری ہوگیا ہے ۔ حکومت کی ناکامیوں ‘ بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کو عوام کے سامنے کانگریس کی جانب سے آشکار کرنے کے ڈر سے کانگریس ارکان کو معطل کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ٹی آر ایس حکومت وعدے کے مطابق مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات غریب عوام کو ڈبل بیڈروم مکانات ‘ دلت طبقات میں 3ایکڑ اراضی فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ سی اے جی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد اقتدار پر برقرار رہنے کے اخلاقی حق سے کے سی آر محروم ہوچکے ہیں ۔ آندھرائی کنٹراکٹرس کو بھاری فنڈس فراہم کرنے حکومت نے بڑے قرض حاصل کرکے تلنگانہ کے بچوں کا مستقبل تاریک بنادیا ہے ۔ اپنے نجی مفادات کیلئے کے سی آر نے ریاست کے بچے بچے کو مقروض بنادیا ہے ۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت قائم ہوگی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کو ترجیحی بنیاد پر اہمیت دی جائے گی ۔ کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک قرضہ جات معاف کئے جائیں گے ۔ سیلف ہیلپ گروپ خواتین کو علحدہ ماہانہ 1000روپئے وظیفہ فراہم کیا جائیگا ۔ ہر گروپ کو ایک لاکھ روپئے ریوالوینگ فنڈ دیا جائیگا ۔ ایک لاکھ نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے کے علاوہ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ تین ہزار روپئے بیروزگاری بھتہ فراہم کیا جائیگا ۔ انہوں نے ایس آرایس پی سے پداپلی کو پانی پہنچانے اور پداپلی میں 100بستروں پر مشتمل ہاسپٹل قائم کرنے کا اعلان کیا ۔ جلسہ سے سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر ‘ ارکان اسمبلی ڈی کے ارونا ‘ ٹی جیون ریڈی ودیگر نے خطاب کیا ۔ صدر پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین ‘ مہیلا کانگریس کمیٹی صدر این شاردا کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔