ٹی آر ایس کو دوبارہ اقتدار نہ ملے تو میرا سیاسی سنیاس : کے ٹی آر

حیدرآباد۔/31جنوری، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے ٹی آر ایس دوبارہ برسر اقتدار نہ آنے پر سیاسی سنیاس لے لینے کا اعلان کیا۔ کانگریس کو اقتدار حاصل نہ ہونے پر سیاسی سنیاس لینے کا صدر تلنگانہ پردیش اُتم کمار ریڈی کو چیلنج کیا۔ آج ضلع گدوال کے گڈور منڈل میں مختلف ترقیاتی و تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر ریاستی وزراء لکشما ریڈی، جے کرشنا راؤ کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس نے انتخابی منشور میں عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ پورے کئے اور جو وعدے نہیں کئے گئے وہ بھی پورے کئے ہیں جس سے ریاست کے عوام خوش ہیں۔ مختلف شعبوں میں ریاست تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ہے جس کی وجہ سے 2019 کے عام انتخابات میں ٹی آر ایس 100 سے زائد اسمبلی حلقوں پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ اگر ٹی آر ایس اقتدار سے محروم ہوتی ہے تو وہ سیاست سے دستبرد ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کونسا کارنامہ انجام دیا ہے اور کس طرح کانگریس پارٹی 70 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔