ٹی آر ایس کا یوم آزادی وعدے سے انحراف ، بی جے پی

حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی صدر بی جے پی ڈاکٹر لکشمن نے تشکیل تلنگانہ سے قبل 17 ستمبر کو یوم آزادی کے طور پر منانے کے ٹی آر ایس کے وعدے سے ریاستی ٹی آر ایس حکومت کے انحراف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے استفسار کیا آیا ٹی آر ایس حکومت قطب شاہی اور آصف جاہی حکومتوں کی تاریخ سے نابلد ہوگئی ہے ۔ یہاں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی صدر بی جے پی نے کہا کرناٹک ، مہاراشٹرا میں یوم آزادی تقاریب منائی رہی ہے جب کہ ٹی آر ایس حکومت ایم آئی ایم جیسی جماعتوں سے خوف زدہ ہے ۔ انہوں نے کہا یوم آزادی کا مسئلہ ہندو یا مسلمان کا نہیں بلکہ غلامی اور آزادی سے جڑا ہواہے ۔ انہوں نے ریاستی وزیر ہریش راؤ کے الزامات کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اسمبلی میں ہریش راؤ کے الزامات پر بحث کرنے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا مرکز نے ریاست کو 700 کروڑ سبسیڈی جاری کی تاہم اس کو کسانوں میں تقسیم نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس کا اقتدار سے قبل مختلف انداز تھا جب کہ اقتدار پر آنے کے بعد اس کا رویہ تبدیل ہوچکا ہے ۔۔