ٹی آر ایس کا پلینری سشن اور جلسہ کامیاب ‘ تنقیدیں مسترد

لاکھوں عوام کی شرکت ‘ حکومت کی کارکردگی پر رضا مندی کا اظہار ــ۔ ریاستی وزرا نرسمہا ریڈی و جگدیشور ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/28اپریل، ( سیاست نیوز) ریاستی وزراء این نرسمہا ریڈی اور جگدیش ریڈی نے ٹی آر ایس کے پلینری سیشن اور جلسہ عام کو تاریخی اور انتہائی کامیاب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ عام میں لاکھوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کرتے ہوئے حکومت کی کارکردگی پر اپنی رضامندی کا ثبوت دیا ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزراء نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پلینری اور جلسہ عام پر کی جارہی تنقیدوں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10ماہ کے دوران چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت نے کئی ایک فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کا آغاز کیا ہے جس سے لاکھوں افراد مستفید ہورہے ہیں۔ پارٹی اور حکومت کی بڑھتی مقبولیت سے اپوزیشن جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور بے بنیاد الزامات کے ذریعہ عوام میں اُلجھن پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مستقبل صرف ٹی آر ایس کا ہے اور کانگریس اور تلگودیشم کو کسی بھی صورت میں عوام قبول نہیں کریں گے۔ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ حقیقی معنوں میں تلنگانہ عوام کے ہمدرد ہیں اور انہوں نے اپنی حکمرانی کے ذریعہ اس کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 14برسوں کی طویل جدوجہد کے بعد تلنگانہ ریاست کو حاصل کرنے والے چندر شیکھر راؤ اسے سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے کی سمت پیشقدمی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین برسوں میں حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ جگدیش ریڈی نے صدر تلگودیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے وہ حکومت پر بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں۔ جگدیش ریڈی نے نائیڈو کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ حکومت دیگر پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کو لالچ دے کر شمولیت کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح آندھرا پردیش میں چندرا بابو نائیڈو نے دیگر جماعتوں کے ارکان کو اپنی پارٹی میں شامل کیا اگر وہ انہیں استعفی دلاکر دوبارہ انتخاب کیلئے تیار کریں تو ٹی آر ایس اس تجویز پر غور کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے مخالف تلنگانہ پالیسیوں کے خلاف تلگودیشم کو مسترد کردیا ہے۔ جگدیش ریڈی نے بتایا کہ ٹی آر ایس جلسہ عام واپسی کے موقع پر سڑک حادثہ میں ہلاک ہونے والے کارکن کے خاندان کی ہر ممکن مددکی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ سڑک حادثہ میں زخمی پارٹی کارکنوں کے مکمل علاج کی ذمہ داری پارٹی قبول کرے گی اور ان کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے بہتر سے بہتر علاج کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں اور ان کے ارکان خاندان کا تحفظ کرنا پارٹی کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے جلسہ کی کامیابی کیلئے عوام سے اظہار تشکر کیا اور ساتھ ہی مختلف سرکاری محکمہ جات کا بھی شکریہ ادا کیا۔