ٹی آر ایس کا تلگو نیوز چیانل و اخبار کے بعد انگریزی روزنامہ

تلنگانہ ٹوڈے نکالنے کا فیصلہ ، اشاعت کی تاریخ کا عنقریب اعلان
حیدرآباد۔یکم جنوری، ( سیاست نیوز) برسر اقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے تلگو نیوز چینل اور تلگو روز نامہ کے بعد اب انگریزی روز نامہ کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ انگریزی روز نامہ کا نام ’’ تلنگانہ ٹوڈے ‘‘ طئے کیا گیا ہے اور اس کے آغاز کی تاریخ کا جلد ہی اعلان کیا جائیگا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سنکرانتی کے موقع پر اس انگریزی روز نامہ لانچ کرنے کا من بنایا ہے تاہم اس سلسلہ میں تیاریوں کے بعد ہی تاریخ کا اعلان کیا جائیگا۔ یہ انگریزی روز نامہ حکومت کی اسکیمات اور پارٹی پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹی نیوز تلگو اور ’ نمستے تلنگانہ‘ کی کامیابی اور عوام تک حکومت کے موقف کو پہنچانے میں ان کے رول کو دیکھتے ہوئے نوجوان نسل اور بالخصوص غیر تلگوداں افراد کا احاطہ کرنے کیلئے انگریزی روزنامہ ’ تلنگانہ ٹو ڈے ‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ روز نامہ ’ نمستے تلنگانہ ‘ کے انتظامیہ کے تحت شروع کیا جائے گا جو تلنگانہ پبلکیشن کے نام سے مشہور ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انگریزی روز نامہ بیک وقت 7 مراکز سے شائع ہوگا۔ اس اخبار کے ایڈیٹر کی حیثیت سے سینئر صحافی اور روز نامہ ’ دِی ہندو‘ کے سابق اسوسی ایٹ منیجنگ ایڈیٹر کے سرینواس ریڈی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ کے سرینواس ریڈی روز نامہ ’ دِی ہندو‘ میں سیاسی رپورٹنگ اور سیاسی مبصر کی حیثیت سے کافی تجربہ اور شہرت کے حامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کو حکومت اور پارٹی کی اقلیتوں میں نمائندگی کیلئے اردو روز نامہ کے آغاز کی تجویز پیش کی گئی تاہم انہوں نے اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ دوسری طرف ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی سرپرستی میں ان کے فرزند نے اردو میں کیبل چینل T ٹی وی اردو کا آغاز کیا ہے جس پر بہت جلد نیوز کی پیشکشی کا آغاز ہوگا۔ اس کیبل چینل کا گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ٹیلی کاسٹ یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔