حیدرآباد۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ بھون میں آج یوم انضمام تلنگانہ کی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے تلنگانہ بھون میں قومی پرچم لہرایا۔ واضح رہے کہ 1948 ء میں آج ہی کے دن ریاست حیدرآباد کا انڈین یونین میں انضمام عمل میں آیا تھا اور فوجی کارروائی کے ذریعہ اس کی تکمیل کی گئی۔ تلنگانہ کے انڈین یونین میں انضمام کی یاد میں ٹی آر ایس کی جانب سے ہر سال یوم انضمام تقاریب منعقد کی جاتی ہے جبکہ بعض تنظیمیں اسے یوم نجات کے طور پر مناتی ہے۔ وزیر داخلہ نے قومی پرچم لہرانے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے حیدرآباد کی ترقی میں نظام حیدرآباد کے خدمات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ نظام نے تعلیم اور دیگر شعبوں میں جو کارنامے انجام دیئے ، ان سے آج بھی عوام مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نظام حیدرآباد کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔ واضح رہے کہ بی جے پی اور دیگر تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ 17 ستمبر کی تقاریب سرکاری طور پر منائی جائیں لیکن چیف منسٹر نے اس تجویز کو قبول نہیں کیا۔ بی جے پی قائدین کے وفد نے کل اس سلسلہ میں چیف منسٹر سے نمائندگی بھی کی تھی۔ اسی دوران وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے بتایا کہ جیلوں میں اصلاحات کے سلسلہ میں حکومت مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیر دریافت قیدیوں کی رہائی اور انہیں مختلف شعبوں میں ٹریننگ کے سلسلہ میں حکومت کئی تجاویز رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر کردار کے حامل قیدیوں کو یوم جمہوریہ کے موقع پر رہا کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کیلئے آمدنی کے ذرائع پیدا کرنے کیلئے انہیں مختلف کورسس کی ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے بجٹ کے بغیر محکمہ جیل کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔