ٹی آر ایس پر دلتوں کی حق تلفی کرنے کا الزام

حیدرآباد /6 فروری ( این ایس ایس ) کانگریس کے سینئیر لیڈر ملو روی نے اظہار افسوس کیا کہ ریاست میں دلت طبقہ کو نظر انداز کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی حکومت میں دلتوں کے ساتھ شدید امتیاز برتا جارہا ہے ۔ ان کی حق تلفی کی جارہی ہے ۔ گاندھی بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں درجہ فہرست ذاتوں میں بیداری پیدا کرنے کیلئے ایک ایکشن پلان تیار کیا جارہا ہے ۔ کانگریس دلت بیداری مہم کے ذریعہ دلتوں کو باقبر کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی سی سی نے ہدایت دی ہے کہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی دلتوں کے حق میں بڑے پیمانے پر احتجاجی پروگرام شروع کریں اور ریاست میں درجہ فہرست طبقات کو ہونے والے نقصانات اور حکومت کی کوتاہیوں کو آشکار کریں ۔ ملو روی نے چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ پر تنقید کی اور کہا کہ وہ دلتوں کی ترقی کیلئے ان کی آبادی کے مطابق اقدامات نہیں کر رہے ہیں ۔ درجہ فہرست ذاتوں میں مالا اور مادیگا دو اہم طبقات کو اہمیت نہیں دی گئی ۔