کانگریس کو ماضی کی حکمرانی کا محاسبہ کرنے کا مشورہ ، وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کا ردعمل
حیدرآباد۔/2جون، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کی جانب سے ٹی آر ایس پر خاندانی حکومت کے الزام اور جلسہ عام میں حکومت کے خلاف چارج شیٹ کی اجرائی کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ کانگریس کو اپنی 60 سالہ کارکردگی کا محاسبہ کرنا چاہیئے۔ راہول گاندھی کے جلسہ عام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس کی تین سالہ کارکردگی پر تنقید سے قبل کانگریس کو اپنے ساٹھ سالہ دور حکومت کی بے قاعدگیوں پر چارج شیٹ داخل کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت پر خاندانی حکومت کا الزام مضحکہ خیز اور خاص طور پر کانگریس پارٹی کی جانب سے اس طرح کا الزام کسی لطیفہ سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تائید کے ساتھ ٹی آر ایس نے اپنے تین سالہ دور حکومت کی تکمیل کی ہے اور ہر مشکل گھڑی میں حکومت نے عوام کا ساتھ دیا یہی وجہ ہے کہ گزشتہ تین برسوں میں ہر ضمنی انتخاب میں عوام نے ٹی آر ایس کو کامیاب کیا۔ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی اور دوبارہ تشکیل حکومت کو یقینی قراردیتے ہوئے کے ٹی آر نے حال ہی میں کئے گئے سروے کو درست قراردیا اور کہا کہ سروے کسی میڈیا کے لئے نہیں بلکہ پارٹی کی اندرونی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کیا گیا ہے اس میں شبہہ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے انتخابات کے وقت بھی 100 نشستوں پر کامیابی کے دعویٰ کا اپوزیشن نے مذاق اڑایا تھا لیکن نتیجہ سروے کے عین مطابق رہا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس نے اپنے ساٹھ سالہ دور حکومت میں عوامی مسائل کو نظرانداز کردیا اور اب تین برسوں میں ٹی آر ایس حکومت کی بہتر کارکردگی کو قبول کرنے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بھلے ہی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہ ہو لیکن ریاست کے عوام مطمئن ہیں۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ لوک سبھا میں کیا صرف 40 نشستوں کے ساتھ کوئی پارٹی قومی جماعت کا دعویٰ کرسکتی ہے۔ اسی طرح بی جے پی کا جنوبی ہند کی ریاستوں میں کوئی وجود نہیں۔ انہوں نے بی جے پی میں ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کی شمولیت کے امکانات کو مسترد کردیا اور کہا کہ پارٹی مضبوط ہے اور قائدین کو کسی اور پارٹی میں شمولیت کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے آئندہ انتخابات میں کسی بھی جماعت سے مفاہمت کے امکانات کو بھی خارج از بحث قرار دیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس اور تلگودیشم علحدہ نظریات کے باوجود باہمی اتحاد کی کوشش کررہے ہیں جس سے ان پارٹیوں کی ابتر صورتحال کا اندازہ ہوتا ہے۔ تلگودیشم کا قیام این ٹی راما راؤ نے کانگریس کی مخالفت میں کیا تھا لیکن آج وہی تلگودیشم کانگریس سے اتحاد کے حق میں ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ میاں پور میں سرکاری اراضیات کو خانگی شعبہ کے حوالے کرنے سے متعلق اسکام کی تحقیقات کا چیف منسٹر نے حکم دیا ہے اور جو بھی افراد ملوث پائے جائیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ایک ریاستی وزیر کے ملوث ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر کے ٹی آر نے کہا کہ اگر ان کے خلاف ثبوت پائے جانے پر حکومت کارروائی سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے اس اسکام کی سی بی آئی جانچ کے مطالبہ کو مسترد کردیا اور کہا کہ سی بی سی آئی ڈی بہتر طور پر جانچ کررہی ہے۔