ٹی آر ایس پارٹی کے استحکام کے لیے قائدین میں اتحاد پر زور

عزم حج پر ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی کا تقریب گلپوشی سے خطاب
حیدرآباد۔ 22ستمبر(سیاست نیوز) جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست نے پارٹی کے اقلیتی قائدین سے متحدہوکر عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔ آج یہاں تلنگانہ بھون میںنامپلی اسمبلی حلقہ کے ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے جناب محمد محمود علی کے اعزاز میںمنعقد ہ تقریب گلپوشی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اتحاد کے ذریعہ ہی عوامی مسائل کو حل کرنا ممکن ہے۔انہوں نے کہاکہ چودہ سالہ طویل جدوجہد کے بعد تلنگانہ ریاست کی تشکیل عمل میں آئی ہے جس کے لئے تلنگانہ کے عظیم قائد و وزیر اعلی تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو نے تمام محاذوں پر قربانیاں پیش کی ہیں۔جناب محمد محمود علی نے مزید کہاکہ جناب کے سی آر نے علیحدہ تلنگانہ کے حصول کے لئے اپنی جان کی قربانی دینے تک کو تیار تھے اور اپنے مرن برت کے ذریعہ انہوں نے مرکزی حکومت کو تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے اعلان کے لئے مجبور کردیا۔ جناب محمد محمو دعلی نے تلنگانہ میں اگر ٹی آر ایس برسراقتدار جماعت بن کر ابھری ہے تو اس میںہمارے عظیم قائد کی قربانیاںسب سے بڑا کارنامہ ہیں۔ تلنگانہ بھون میںموجود سینکڑوں اقلیتی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد محمود علی نے کہاکہ سنہر تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے سی آر کا ایک خواب ہے جس کو پورا کرنا پارٹی کے قائدین اور کارکنوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ تحریک کے دوران اور تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد بھی کے سی آر کو مخالفین اپنی تنقیدوں کا نشانہ بناتے رہے ہیں باوجود اسکے ہمارے عظیم قائد کے حوصلوں میںکسی قسم کی کوئی کمی نہیں آئی۔ انہوں نے کہاکہ مہاتما گاندھی کے بعد چودہ سالوں تک پرامن جمہوری تحریک چلانے کا اعزازآزاد ہندوستان کی تاریخ میں ہمارے عظیم قائد مسٹر کے چندرشیکھر رائو کو ملا ہے۔ انہوں نے پارٹی کو مستحکم اور مضبوط بنانے کے لئے اپنی صفوں میںاتحاد کو قائم کرنے کی پارٹی کے اقلیتی قائدین او رکارکنوں سے اپیل کی۔انہوں نے حج کی روانگی سے قبل مبارکباد پیش کرنے اور گلپوشی کرنے والے تمام ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں کا فرداً فرداً شکریہ بھی ادا کیا۔ مولانا عثمان نقشبندی‘ کابینی وزیر پدما رائو گوڑ‘ شریمتی وجئے ریڈی‘ صوفی سلطان قادری‘رحیم اللہ خان نیازی‘ نواب حیدرعلی خان‘ ارشد علی خان‘ محمد مسیح اللہ‘ پرنس ناصر خان‘ سکند رمعشوقی‘ محمد منیر‘محمدعارف الدین‘ عبدالمقیت چندہ‘ عمر بن قاسم‘ محمد شاہنواز خان‘ عبدالحق قمر‘محمد شبیر احمد کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں اقلیتی قائدین نے اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمو دعلی کی گلپوشی کی۔