ٹی آر ایس وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی شروع کردہ پالیسی پر عمل پیرا

منتخب ارکان کو انحراف کی صورت میں مستعفی ہونے کا مشورہ ، رویندر ریڈی
حیدرآباد۔17۔نومبر (سیاست نیوز) سی پی آئی نے اعلان کیا کہ وہ ارکان اسمبلی کے انحراف کے مسئلہ پر کانگریس کے موقف کی تائید کرتی ہے۔ پارٹی کے رکن اسمبلی رویندر کمار نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کو ٹی آر ایس میں شامل کرنے کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت جبکہ اسمبلی کا اجلاس جاری ہے ، حکومت کی جانب سے انحراف کی حوصلہ افزائی کرنا جمہوری اصولوں کے مغائر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل ٹی آر ایس 2004 ء میں وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی جانب سے شروع کی گئی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ایک پارٹی سے منتخب ہونے والے ارکان کو دوسری پارٹی میں شمولیت سے قبل مستعفی ہونا چاہئے ۔ رویندر کمار نے کہا کہ اگر ٹی آر ایس کو اپنی مقبولیت پر ناز ہے تو اسے چاہئے کہ ارکان کو مستعفی کرنے کے بعد دوبارہ منتخب کرے۔ عوام خود فیصلہ دیں گے کہ حکومت کا یہ اقدام کس حد تک درست ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا سنہرے تلنگانہ کی تشکیل صرف ٹی آر ایس سے ممکن ہے ؟ رویندر کمار نے کہا کہ اسمبلی میں چیف منسٹر کے سی آر نے اعلان کیا تھا کہ وہ تمام جماعتوں سے تعاون حاصل کرتے ہوئے سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کو یقینی بنائیں گے لیکن اب وہ اپنے موقف سے انحراف کرتے ہوئے دوسری جماعتوں کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔