ٹی آر ایس میں ہریش راؤ کو نظرانداز کرنے کی شکایت

پارٹی قیادت کے رویہ پر شدید تنقید، ٹی ڈی پی لیڈرپرکاش ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/7نومبر، ( سیاست نیوز) سینئر قائد و رکن پولیٹ بیورو تلگودیشم پارٹی مسٹر آر پرکاش ریڈی نے پرزور الفاظ میں کہا کہ اگر مسٹر ٹی ہریش راؤ کو صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و نگرانکار چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنا سیاسی وارث ہونے کا اعلان کرتے ہیں تو اس صورت میں وہ اپنے کئے ہوئے ریمارکس سے دستبرداری اختیار کرلینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے دریافت کیا کہ آیا مسٹر ٹی ہریش راؤ کو اپنا سیاسی وارث ہونے کا اظہار کرنے کی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ میں ہمت ہے؟۔ مسٹر پرکاش ریڈی نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی قیادت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں ہر سطح پر اور ہر لحاظ سے مسٹر ٹی ہریش راؤ جیسے قائد کو نظراندازکردیا جارہا ہے اور کسی اہم موقع پر انہیں موجود رہنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے بلکہ مختلف قائدین کے ذریعہ مسٹر ہریش راؤ کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کی کوشش کروائی جارہی ہے۔ رکن پولیٹ بیورو تلگودیشم پارٹی نے کہا کہ حصول علحدہ ریاست تلنگانہ جدوجہد کے موقع پر مسٹر کے ٹی راما راؤ امریکہ میں مقیم تھے اور مسٹر ٹی ہریش راؤ نے ہی تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو ہر لحاظ سے مضبوط و مستحکم بنانے میں اپنی گرانقدر خدمات انجام دی۔ جس کی وجہ سے علحدہ ریاست تلنگانہ تحریک بھی کامیاب ہوسکی اور علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو حکومت تشکیل دینے کا بھی موقع فراہم ہوسکا۔ مسٹر پرکاش ریڈی نے مسٹر کے ٹی راما راؤ کو تنقید کا نشانہ بنایا اورانہیں سینئر قائدین کا احترام کرنے اور ان قائدین کی کم از کم عمر وغیرہ کا پاس و لحاظ رکھتے ہوئے بات کرنے کو سیکھنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کے ٹی آر جیسے قائد ،سینئر سیاسی قائد و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے تعلق سے بھی من مانی باتیں کررہے ہیں جبکہ مسٹر کے ٹی راما راؤ، چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے سیاسی تجربہ کی عمر بھی نہیں رکھتے ہیں۔ انہوں نے مسٹر کے ٹی راما راؤ پر اپنی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیٹھ میں خنجر کون گھونپے ہیں اپنے والد مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے دریافت کرنے پر انہیں حقیقت سے واقفیت حاصل ہوگی۔