تلنگانہ عوام پارٹی کے بانی ، کوئی بھی طاقت کمزور نہیں کرسکتی ، ونود کمار کا ادعا
حیدرآباد۔ 2 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ ونود کمار نے کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی عوام کے درمیان سے قائم ہونے والی پارٹی ہے اور عوام ہی اس کے بانی ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ونود کمار نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے تحت قائم کی گئی اس پارٹی کی اصل بنیاد عوام ہیں اور آندھرائی حکمرانوں کی ناانصافی کے شکار تلنگانہ عوام میں یہ پارٹی قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس ایک عوامی پارٹی ہے اور اسے کوئی بھی طاقت کمزور نہیں کرسکتی۔ ورنگل کی بلدی انتخابی مہم میں شریک ونود کمار نے ورنگل اور کھمم کارپوریشنوں پر ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی قرار دیا اور کہا کہ ورنگل لوک سبھا ، نارائن کھیڑ اسمبلی اور حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کی طرح ورنگل اور کھمم میں بھی ٹی آر ایس شاندار کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے اس تسلسل کو روکا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر عوام ٹی آر ایس کی تائید کر رہے ہیں۔ ونود کمار نے دعویٰ کیا کہ ورنگل کے 58 بلدی ڈیویژنوں پر ٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس ورنگل شہر کی ترقی کیلئے کئی اقدامات کرے گی ۔ تعلیم ، روزگار اور دیگر شعبوں میں مختلف ادارے قائم کرتے ہوئے نوجوانوں کیلئے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ ونود کمار نے کہا کہ ورنگل ہمیشہ ہی ٹی آر ایس کا گڑھ رہا ہے اور یہ روایت برقرار رہے گی۔