ٹی آر ایس حکومت کے انتخابی وعدوں پر عمل آوری کا آغاز :چیف منسٹر

حیدرآباد 5 اکٹوبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ اندرون تین سال ریاست کو درپیش برقی مسئلہ کو پوری طرح سے حل کرلے گی۔ تین سال کے بعد معیاری اور بلاوقفہ برقی سربراہی کو اِس قدر بہتر بنایا جائے گا کہ شہری علاقوں میں پلک جھپکنے جتنی مہلت تک بھی برقی سربراہی منقطع نہیں ہوگی۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے آج پارٹی قائدین کے اجلاس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی پولیٹ بیورو اجلاس کے ساتھ ساتھ مسٹر راؤ نے پارٹی قائدین، ارکان پارلیمان، اسمبلی و کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فی الحال ریاست برقی بحران سے دوچار ہے، اِس کے لئے گزشتہ کانگریس حکومت ذمہ دار ہے۔ اُنھوں نے ریاست کے برقی بحران کے لئے کانگریس کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہاکہ گزشتہ حکومتوں نے تلنگانہ کے ساتھ جو ناانصافیاں کی ہیں، اُس کے باعث آج تلنگانہ برقی بحران کا شکار بنا ہوا ہے لیکن علیحدہ ریاست تلنگانہ میں حکومت تلنگانہ نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اُس منصوبے کے اعتبار سے اندرون تین برس ریاست کو برقی بحران سے پاک اور معیاری برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے والی ریاست میں تبدیل کردیا جائے گا۔ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے بتایا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے انتخابات سے قبل جو وعدے عوام سے کئے تھے اُن وعدوں کو پورا کرنا شروع کردیا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ تلنگانہ کے جامع سروے کے دوران کئی حیرت انگیز انکشافات ہوئے ہیں اور اُن میں ایک انکشاف یہ بھی ہوا کہ تلنگانہ میں 45 ہزار 300 تالاب موجود ہیں۔ حکومت اِن تالابوں کے تحفظ، صفائی کے علاوہ اُنھیں ترقی دیتے ہوئے اِس سے اطراف و اکناف کے لوگوں کو فائدہ پہونچانے کے اقدامات کرے گی۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے بتایا کہ کے جی تا پی جی مفت تعلیم کے سلسلہ میں آئندہ تعلیمی سال کے آغاز سے قبل تمام اقدامات مکمل کرلئے جائیں گے اور مستحقین کو مفت تعلیم کی فراہمی کے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کو تعلیمی سال کے آغاز تک یقینی بنایا جائے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں راشن کارڈس کی اجرائی کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی جاچکی ہے اور مستحقین کو راشن کارڈ کی فراہمی کے سلسلہ میں عہدیدار حکمت عملی کا جائزہ لینے میں مصروف ہیں۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ راشن کارڈس کی اجرائی کے ساتھ ساتھ تلنگانہ عوام کو سرکاری فوائد کے حصول میں رہنمائی کے سلسلہ میں بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے بتایا کہ راشن کارڈ پر 30 تا 35 کیلو چاول کی فراہمی کے متعلق کابینہ کی ذیلی کمیٹی جائزہ لے رہی ہے اور بہت جلد راشن کے کوٹہ میں اضافہ کا قطعی فیصلہ کابینی کمیٹی کرلے گی۔ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے واضح کیاکہ تلنگانہ میں بہترین طرز حکمرانی اور انتظامی اُمور کو بہتر سے بہتر بنانے میں کسی قسم کی کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی۔ صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے بتایا کہ ٹی آر ایس پارٹی حکومت اور عوام کے درمیان رابطہ کا کام انجام دے گی تاکہ حکومت کو عوامی ضروریات سے وقتاً فوقتاً واقف کروایا جاسکے اور عوام کو حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی فلاح و بہبود کی اسکیمات سے مستفید ہونے کیلئے شعور اُجاگر کیا جاسکے۔ چیف منسٹر نے اِس موقع پر اعلان کیاکہ حکومت تلنگانہ ٹی آر ایس قائدین و کارکنوں کو نامزد عہدوں پر فائز کرنے کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے اور بہت جلد زائداز 4 ہزار قائدین و کارکنوں کو مختلف نامزد عہدوں پر فائز کیا جائے گا۔ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے کہاکہ کارکنوں اور قائدین کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے چونکہ نامزد عہدوں کی فہرست بہت لمبی ہے جن پر اُنھیں نامزد کیا جاسکتا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کے منصوبہ کے مطابق ہر ضلع سے 400 تا 500 ٹی آر ایس قائدین و کارکنوں کو نامزد عہدوں پر فائز کیا جائے گا۔ اُنھوں نے اِس موقع پر بتایا کہ حکومت کی جانب سے شادی مبارک اسکیم کا وعدہ کیا گیا تھا اور حکومت نے اِس پر عمل آوری شروع کردی ہے۔ اِسی طرح شہر میں سیندھی کمپاؤنڈ کے آغاز کے متعلق حکومت نے وعدہ کیا تھا اور دسہرہ سے شہر میں 11 سیندھی کمپاؤنڈ شروع کردیئے گئے ہیں۔ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی۔ اُنھوں نے اِس موقع پر مزید کہاکہ پارٹی کو مستحکم کرنے کے علاوہ رکنیت سازی مہم کے آغاز سے متعلق بھی جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے کہاکہ تلنگانہ بھون کی آہک پاشی و تزئین نو کے متعلق بھی غور کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں تلنگانہ بھون کو ہائی ٹیک بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کارکنوں کی 365 دن تربیت یقینی بنانے کیلئے تلنگانہ بھون میں تربیتی کلاسیس کا اہتمام کیا جائے گا۔