کانگریس کے محاذی تنظیموں کا اجلاس، صدر پی سی سی تلنگانہ پنالہ لکشمیا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 اگست (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے کانگریس کے محاذی تنظیموں کو سرگرم ہوجانے اور حکومت کے مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف عوام میں شعور بیدار کرنے کا مشورہ دیا۔ گاندھی بھون میں منعقدہ کانگریس کے محاذی تنظیموں سربراہوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پنالہ لکشمیا نے کہا کہ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے جو بھی وعدے کئے ہیں مثلاً نوجوان کے وعدوں کا یوتھ کانگریس اقلیتوں کے وعدوں کا اقلیت ڈپارٹمنٹ خواتین سے متعلق وعدوں کا مہیلا کانگریس اس طرح ایس سی ایس ٹی اور طلبہ کے مسائل پر متعلقہ سیکشن اور ڈپارٹمنٹ جائزہ لیں اور ان وعدوں کی عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کریں تاکہ حکومت پر دباؤ بنایا جاسکے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ ٹی آر ایس عوام سے کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے بجائے صرف بیان بازی پر اکتفا کررہی ہے۔ دوسرے جماعتوں کے قائدین کو اپنی جماعت میں شامل کرنے پر ہی سارا وقت ضائع کررہی ہے۔ لہٰذا محاذی تنظیمیں وعدوں کی عمل آوری کے معاملے میں حکومت پر دباؤ ڈالنے میں اہم رول ادا کرسکتی ہے۔ کسان پریشان ہیںقرضوں کی معافی نہیں ہوئی برقی عدم سربراہی سے کسان خودکشی کرنے کیلئے مجبور ہورہے ہیں۔ کانگریس کی کسان سیل اس کے خلاف احتجاجی مہم شروع کریں۔ فیس ریمبرسمنٹ اور کونسلنگ کے مسئلہ پر یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی آپس میں مذاکرات کرتے ہوئے حکمت عملی تیار کریں۔ دلتوں کو فی کس تین ایکر اراضی دینے کا وعدہ کیا اور مسلمانوں کو 12 فیصد مسلم تحفظات اور دوسرے وعدے کئے گئے۔ ایس سی اور اقلیتی ڈپارٹمنٹس اس کے خلاف آواز اٹھائیں۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پارٹی کے محاذی تنظیموں کے احتجاجی مہم کی مکمل تائید و رہبری کرے گی۔