حیدرآباد۔/29اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سی پی آئی ایم نے مسٹر چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ میں بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو لاکھوں ملازمتیں فراہم کرنے کا تیقن دیا گیا تھا لیکن آج تک ملازمتوں کی فراہمی سے متعلق کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔ تلنگانہ کے بیروزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو دھوکہ دیا جارہا ہے۔ سکریٹری تلنگانہ سی پی آئی ایم کمیٹی مسٹر ٹی ویرا بھدرم نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت میں صرف اعلانات کئے جارہے ہیں لیکن کوئی عملی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کے اس ادعا کو مسترد کردیا کہ ریاست تلنگانہ میں برسراقتدار ٹی ار ایس حکومت غریب عوام کی حکومت ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ریاست تلنگانہ میں غریبوں کی حکومت نہیں بلکہ مکمل طور پر کارپوریٹ حکومت ہے۔ انہوں نے حکومت سے دریافت کیا کہ انتخابی وعدوں میں اب تک کتنے وعدے اس نے پورے کئے ہیں ۔
انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دریافت کیا کہ آیا ٹی آر ایس نے انتخابات میں عوام سے کئے ہوئے کسی ایک ودہ کو پورا کیا ہے۔
مسٹر ویرا بھدرم نے کہا کہ صرف عوام کو دکھانے کیلئے کہیں کہیں غریب عوام کو پنشن کی منظوری کے کاغذات حوالہ کئے لیکن اس پر عمل آوری نہیں ہورہی ہے۔