ٹی آر ایس حکومت پر یکطرفہ فیصلے کرنے کا الزام : پنالہ لکشمیا

حیدرآباد 6 اکٹوبر ( این ایس ایس ) ریاستی حکومت سے فوری طور پر جنگاما ضلع تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سابق صدر پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت نئے اضلاع کی تشکیل پر یکطرفہ فیصلے کر رہی ہے ۔ نئے اضلاع سے متعلق اعلی اختیاری کمیٹی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پنالہ لکشمیا نے تجویز کیا کہ ریاستی حکومت نئے اضلاع کی تشکیل کے مسئلہ پر عدالتی کمیٹی تشکیل دے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ نئے اضلاع کی تشکیل میں کوئی قانونی رکاوٹ پیدا نہ ہونے پائے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی کمیٹی کو نئے ریوینیو ڈویژن اور منڈلوں کی تشکیل کی ذمہ داری بھی سونپی جاسکتی ہے ۔