ٹی آر ایس حکومت عوام کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام

شمس آباد میں سابق وزیر داخلہ سبیتا اندرا ریڈی کا خطاب
شمس آباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : شمس آباد میں این ایس یو آئی کی جانب سے احتجاج کیا گیا جس میں سابق وزیر داخلہ مسز سبیتا اندرا ریڈی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست حاصل کرنے تک کالج کے طلباء کے ساتھ ٹی آر ایس نے احتجاج کیا اور تلنگانہ ریاست حاصل کرنے میں طلباء نے اہم رول ادا کیا ۔ اپنی تعلیم متاثر کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور جانوں کی قربانی بھی دی ۔ علحدہ ریاست حاصل ہونے کے بعد یہی ٹی آر ایس حکومت طلباء کے ساتھ نا انصافی کررہی ہے طلباء کو فیس ری ایمبرسمنٹ نہیں دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جھوٹے وعدے اور صرف اعلانات تک ہی محدود ہو کر رہ گئی ہے ۔ غریب طلباء جو تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ انہیں ری ایمبرسمنٹ فیس کا اعلان کرنے کے بجائے وہ صرف سیاسی شعبدہ بازی کررہی ہے ۔ اگر یہی حال رہا تو ریاست کئی مسائل میں مبتلا ہوجائے گی ۔ ٹی آر ایس حکومت عوام کے مسائل کو حل کرنے میں بالکل ناکام ہوچکی ہے ۔ طلباء کو انصاف ملنے تک ہم ان کے ساتھ جدوجہد کریں گے ۔ طلباء ملک کا مستقبل ہے ۔ ان کے ساتھ ہی نا انصافی کی جائے تو ملک کس طرح ترقی کرے گا ۔ کارتک ریڈی اندرا ریڈی میموریل ٹرسٹ چیرمین نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ کانگریس کے دور میں طلباء کو تمام سہولیات مہیا کی گئی تھی ۔ آج نئی ریاست میں نئی حکومت سے عوام خاص کر طلباء کو کئی امیدیں وابستہ تھی لیکن ٹی آر ایس عوام اور طلباء کی امیدوں پر پورا اترنے میں ناکام ہوگئی ۔ فیس ری ایمبرسمنٹ طلباء کا حق ہے وہ ہی انہیں فراہم نہیں کیا جارہا ہے اور دوسری جانب کے جی تا پی جی مفت تعلیم فراہم کرنے کا اعلان کر کے حکومت عوام اور طلباء کو دھوکہ دے رہی ہے ۔ اس موقع پر چکلہ ایلیا منڈل صدر ، مرلیدھر ریڈی سابق منڈل صدر ، ستیش زیڈ پی ٹی سی ممبر ، راچا ملا سدیشور شمس آباد سرپنچ ، وینوگوڑ کانگریس منڈل صدر ، شرون کمار گوڑ ، ڈی سی ایم ایس چیرمین ، شنکر ریڈی ، نریندر ، چکر دھر ریڈی ، تاج بابا ، سریدھر یادو ، شرون گوڑ کے علاوہ کالج کے طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی ۔۔