ٹی آر ایس حکومت ریت مافیا کی حوصلہ افزائی کررہی ہے : کشن ریڈی

میدک۔9فبروری( این ایس ایس) صدر ریاستی بی جے پی تلنگانہ مسٹر جی کشن ریڈی نے ٹی آر ایس حکومت پر ریت مافیا کی حوصلہ افزائی کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے ضلع پارٹی عاملہ اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریت کی غیرقانونی منتقلی روکنے کی بجائے حکومت ریت مافیا کی حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔انہوں نے ٹی آر ایس قائدین پر اس طرح کروڑہا روپئے کی دولت جمع کرنے کا الزام عائد کیا ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت عوام سے صرف وعدے کررہی ہے۔ وہ عوام کو پینے کا پانی فراہم کرنے کی شروعات تک نہیں کرسکی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر محض جی ایچ ایم سی انتخابات میں کامیابی کیلئے سابق نظام دورحکومت کی تعریف کررہے ہیں ۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ اب تک تلنگانہ میں 11لاکھ افراد نے بی جے پی رکنیت سازی مہم میں حصہ لیا ۔ انہوں نے کے سی آر حکومت کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا ۔