ٹی آر ایس حکومت جمہوری آوازوں کو دبانے کوشاں

کھمم تا کریم نگر سڑک بند پروگرام کامیاب ، چاڈا وینکٹ ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔یکم جون (سیاست نیوز) بائیںبازو جماعتوں و کسان حامی تنظیموں کے زیراہتمام ایک روز قبل کھمم تا کریم نگر سڑک بند پروگرام کے دوران پیش آئے حالات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی پی آئی ریاستی جنرل سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے جمہوری آوازوں کو دبانے طاقت کا استعمال کرنے کا حکومت پر الزام عائد کیا۔ بائیں بازو کی جماعتوں بشمول تلنگانہ جنا سمیتی کے زیراہتمام پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہاکہ کسانوں کی فلاح وبہبود کیلئے کھمم تک کریم نگر سڑک بند پروگرام کامیاب رہا ۔ انہو ںنے کہاکہ پولیس کا استعمال کرکے کسانوں و بائیںبازو جماعتوں کے قائدین کو قبل از وقت گرفتار کرنے کے باوجود سڑک بند پروگرام کامیاب رہا۔ انہوں نے کہاکہ پرامن احتجاج سے باز رکھنے حکومت غیرجمہوری طریقہ کا استعمال کررہی ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہاکہ سڑک بند کے دوران گرفتار قائدین او رکسان لیڈران کی رہائی عمل میںلائی جائے۔ تلنگانہ جناسمیتی صدر پروفیسر کودانڈا رام نے کہاکہ رعیتو بندھو اسکیم کے تحت کسانوں کو مراعات ناکافی ہیں۔ انہو ںنے کہاکہ ایک سروے رپورٹ موجود ہے جس کے تحت ریاست میں پچاس لاکھ کے قریب ایسے کسان ہیں جو زمین کرایہ پر حاصل کرکے زراعت کرتے ہیں مگر انہیں رعیتو بندھو اسکیم میںشامل نہیں کیاگیا ۔انہوں نے کہاکہ اراضی سے محروم قبائیلی بھی جنگل کی زمین پر کھیتی کرتے ہیں مگر انہیں بھی اسکیم میںشامل نہیںکیاگیا ہے۔ پروفیسرکودانڈرام نے کہاکہ جب تک کرایہ کی زمین پر کھیتی کرنے والے کسانوں اورجنگلات کی زمینوں پر زراعت کرنے والے قبائیلوں کو رعیتو بندھو اسکیم میںشامل نہیں کیا جاتا کسانوں کے ساتھ انصاف ممکن نہیںہے۔ سی پی ایم سکریٹری ڈی جی نرسنگ رائو نے کہاکہ رعیتو بندھو اسکیم کے پٹہ پاس بک میں بیس فیصد تک پرنٹنگ غلطیوں کا چیف منسٹر نے خود اعتراف کیاہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ غلطیاں چالیس فیصد تک ہیں اور ان میںسدھار تک پٹہ پاس بک کی اجرائی عمل میں نہیں لانی چاہئے تھی۔ انہوں نے کہاکہ رقم کی تقسیم میںشفافیت بھی ضروری ہے ۔ بائیںبازو اور ڈی جے ایس قائدین نے کہاکہ 6جون کو اس ضمن میںایک وفد چیف سکریٹری سے ملاقات کرکے انہیںایک تحریری یادواشت پیش کرے گا۔