ٹی آر ایس جلسہ میں شرکت کیلئے جانے والا نوجوان حادثہ میں ہلاک

حیدرآباد ۔ /2 ستمبر (سیاست نیوز) کونگراں کلان میں منعقدہ ٹی آر ایس کے جلسہ عام میں شرکت کیلئے جانے والا ایک نوجوان حادثہ میں ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ عبدالرحیم جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا کا تعلق ضلع نلگنڈہ سے ہے وہ جلسہ عام میں شرکت کیلئے دیگر ٹی آر ایس حامیوں کے ساتھ ضلع رنگاریڈی بذریعہ ڈی سی ایم ویان روانہ ہوا تھا ۔ عبدالرحیم ڈی سی ایم گاڑی کی چھت پر بیٹھا ہوا تھا کہ باٹا سنگارام چوراہے پر گاڑی پہونچنے پر ڈی سی ایم ویان ڈرائیور نے اچانک بریک لگادی ۔ جس کے نتیجہ میں عبدالرحیم گاڑی سے نیچے گرپڑا ۔ اس نوجوان کے سر پر گہرا زخم آیا تھا اور اسے فوری ایک مقامی دواخانہ علاج کیلئے منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ عبداللہ پورمیٹ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔