ٹی آر ایس اور مجلس مرکز میں بی جے پی کے ساتھ : بھٹی وکرمارکا

پردیش کانگریس الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ،سینئر قائدین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 20۔ مارچ (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس اور مجلس مرکز میں نریندر مودی حکومت کی تائید کر رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت میں بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ مجلس کے سی آر کی تائید کر رہے ہیں جبکہ کے سی آر بی جے پی کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا مجلس چاہتی ہے کہ نریندر مودی وزیراعظم بنے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر ٹی آر ایس اور مجلس کو اپنا موقف واضح کرنا چاہئے ۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ اگر کے سی آر میں ہمت ہو تو وہ انتخابی مہم میں اس بات کی وضاحت کریں کہ وزیراعظم کے عہدہ کیلئے راہول گاندھی اور نریندر مودی کے درمیان ان کی ترجیح کیا ہوگی ۔ انہوں نے 16 ارکان پارلیمنٹ کو منتخب کرنے بی جے پی کے دعوؤں کو مسترد کردیا اور کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں 15 ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ ٹی آر ایس تلنگانہ کیلئے کچھ نہیں کرسکی۔ 16 ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ تلنگانہ سے کوئی انصاف کی امید نہیں کی جاسکتی۔ اسی دوران پردیش کانگریس کمیٹی کی الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس گاندھی بھون میں منعقد ہوا جس میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، اے آئی سی سی سکریٹری سرینواس کرشنن، کمیٹی کے صدرنشین کے کمار اور کوآرڈینیٹر کمار راؤ اور دوسروں نے شرکت کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ الیکشن مینجمنٹ کمیٹی گاندھی بھون سے 24 گھنٹے کام کرے گی ۔ محکمہ جات ، ریونیو ، پولیس ، لاء اور الیکشن کمیشن سے درکار ضروری معلومات کے حصول میں یہ کمیٹی اہم رول ادا کرے گی ۔ اے آئی سی سی سے وقتاً فوقتاً موصول ہونے والی اطلاعات اور ہدایات کو متعلقہ امیدواروں تک پہنچایا جائے گا ۔ ضلع کانگریس صدور اور پارٹی امیدواروں سے ربط قائم کرتے ہوئے حقیقی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر 6 گھنٹے میں مینجمنٹ کمیٹی کی ایک ٹیم تبدیل ہوگی اور اس طرح چار ٹیمیں 24 گھنٹے خدمات انجام دیں گی ۔