ٹی آر ایس امیدواروں کو کے سی آر کی قطعیت ، آج فہرست کی اجرائی

حیدرآباد۔20مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی کے 16حلقہ جات پارلیمان کے امیدواروں کی فہرست کو قطعیت دے دی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ 21مارچ کو ٹی آر ایس امیدواروں کی فہرست جاری کریں گے اور اس فہرست میں کئی ناموں کے متعلق کہا جارہا ہے کہ وہ نئے چہرے ہیں۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تلگو دیشم کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے والے سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر ناما ناگیشور راؤ کو تلنگانہ راشٹر سمیتی نے کھمم لوک سبھا سے امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اب تک اس حلقہ لوک سبھا سے ٹی آر ایس امیدوار کی حیثیت سے مسٹر راجندر پرساداور مسٹر پی سرینواس کے نام گشت کررہے تھے ۔چیوڑلہ حلقہ لوک سبھا سے مسٹر رنجیت ریڈی کو لوک سبھا کیلئے امیدوار بنانے کی اطلاعات ہیں جبکہ دو یوم قبل رکن اسمبلی و سابق وزیر مسز سبیتا اندرا ریڈی کے فرزند مسٹر کارتک ریڈی نے تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت اختیار کی ہے لیکن کہا جا رہاہے کہ انہیں امیدوار بنائے جانے کے امکان موہوم ہیں۔حلقہ لوک سبھا محبوب نگر سے مسز بی کویتا اور مسٹر سیتا رام نائک کے نام زیر گشت ہیں جبکہ ظہیر آباد سے موجودہ رکن پارلیمنٹ مسٹر بی وی پاٹل‘ نظام آباد سے موجودہ رکن پارلیمنٹ مسز کے کویتا ‘ کریم نگر لوک سبھا سے موجود ہ رکن پارلیمنٹ مسٹر بی ونود کمار کے ناموں کو قطعیت دے دی گئی ہے۔بھونگیری حلقہ لوک سبھا سے بھی موجودہ رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر بی نرسیا گوڑ کو امیدوار بنائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پداپلی حلقہ لوک سبھا سے جی وویک کو ٹی آر ایس نے امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ عادل آباد سے جی ناگیش کے نام کو قطعیت دے دیئے جانے کی اطلاع ہے۔اسی طرح ناگر کرنول سے سیابق ریاستی وزیر پی راملو کے نام کو قطعیت دیئے جانے کے اطلاع ہے۔حلقہ لوک سبھا ورنگل سے تلنگانہ راشٹر سمیتی نے پی دیاکر کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گذشتہ شب نظام آباد میں منعقدہ انتخابی جلسہ عام سے خطاب کے دوران اس بات کا اعلان کیاتھا کہ وہ 21 مارچ کو لوک سبھا امیدواروں کی فہرست جاری کریں گے ۔پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی سربراہ نے پارٹی کارکنوں میں جوش و خروش بڑھانے کیلئے حکمت عملی تیار کی ہے اور ان کا نشانہ 16نشستوں پر کامیابی کا حصول ہے اسی لئے وہ مکمل منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے ساتھ امیدواروں کو قطعیت دے رہے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ ناموں کو قطعیت دی جا چکی ہے اور مابقی حلقہ جات پارلیمان کے سلسلہ میں مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ۔تلنگانہ راشٹر سمیتی کے امیدواروں کو قطعیت دینے میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے علاوہ کسی اور سرکردہ قائد کا کوئی کردار نہیں ہے کیونکہ مسٹر کے سی آر نے تمام سے مشاورت کرنے کے بعد اس حق کو اپنے پاس محفوظ کرلیا ہے۔