ٹی آرایس کے جلسہ عام میں پرانے شہر کے لاکھوں افراد کی شرکت

ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے قافلہ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا
حیدرآباد۔27اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے مہاگرجنا میںشرکت کے لئے پرانے شہر کے اسمبلی حلقہ ملک پیٹ سے نکالی جانے والی ریالی کو نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی نے جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔اس موقع پر جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ پرانے شہر سے 80سے زائد بسوں میںٹی آر ایس کارکن اور قائدین مہاگرجنامیںشرکت کے لئے روانہ ہوئے ہیں ۔ پہلی مرتبہ پرانے شہر کی عوام کے اندر اتنے بڑے پیمانے پر جوش وخروش دیکھنے کو ملا ہے۔ٹی آر ایس کے مہاگرجنا میںشرکت کے لئے پارٹی کے ہندومسلم کارکنوں نے پورے اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اسمبلی حلقہ ملک پیٹ سے تقریباًچالیس بسوں ‘ کار او رموٹر سیکلوں پر دس ہزار کے قریب قائدین او رکارکن ریالی کی شکل میں مہاگرجنامیںشرکت کے لئے روانہ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پرانے شہر میںگلابی انقلاب پرانے شہر کی ترقی کی ضمانت ہوگا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدے پر فائز ہونے سے پہلے سے ہی میری خواہش تھی کہ میں پرانے شہر کو نئے شہر کی طرز پر ترقی دلاسکوں ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اب وقت ہے اور ٹی آر ایس ریاست کی پہلی حکمران جماعت ہے ۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ معلومات میں کمی اور گنجان آبادیوں کے سبب پرانے شہرکی عوام تک حکومت کی فلاحی اسکیمات پہنچنے سے قاصر ہیں اور لوگوں تک حکومت کی فلاحی اسکیمات نہیں پہنچ رہی ہیں۔ آئندہ ماہ اعظم پورہ کے اپنے مکان منتقل ہونے کے بعد پرانے شہر میں کیمپس قائم کرتے ہوئے عوامی شکایتیں وصول کرنے اور حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام کے گھروں تک پہنچانے کا بھی جناب محمد محمودعلی نے اعلان کیا او رکہاکہ پرانے شہر کے ہر گلی اور محلے کا وہ دورہ کریں گے تاکہ عوامی مسائل سے واقفیت حاصل ہوسکے۔انہوں نے چیف منسٹر تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو کو ریاست کے تمام طبقات کی یکساں ترقی کے لئے تڑپتا دل رکھنے والا قائد قراردیا۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعلی کے پاس دوہی ذات اور طبقے ہیں ایک امیر اور دوسرا غریب یہی وجہہ ہے کہ ٹی آر ایس حکومت ریاست کے غریب طبقات کوبلاتفریق مذہب ذات پات ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کاکام کررہی ہے۔جناب اعظم علی خرم‘ جناب راشد لطیف‘ جناب شبیر احمد‘ صوفی سلطان قادری‘ جناب ایس اے قیصر‘ جناب ایم اے ذیشان‘ جناب محمد اعجاز‘ ستیش کمار‘ سنگی ریڈی سرینواس ریڈی‘ڈی کرشناکے ہزاروں کی تعداد میں ٹی آر ایس پارٹی کارکن بھی اس موقع پر موجودتھے۔اسی دوران تاریخی چارمینار سے بھی ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں نے ایک ریالی نکالی جس کی نگرانی ٹی آر ایس چارمینار انچارج میرعنایت علی باقری نے کی۔ اسمبلی حلقہ چارمینار سے سینکڑوں کی تعداد میں ٹی آر ایس کارکنوں نے بھی اس ریالی میں حصہ لیا۔