ٹیکس چوری معاملہ : سوئیٹزر لینڈ قوانین میں ترمیم کریگا

برن / نئی دہلی 23 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی دباؤ کو دیکھتے ہوئے سوئیٹزر لینڈ نے آج فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایک اہم قانون میں لچک پیدا کریگا تاکہ اسے بیرونی ممالک کو مدد کرنے میں سہولت ہوسکے ۔ ان میں ہندوستان بھی شامل ہے اور یہ تمام ممالک مشتبہ ٹیکس جرائم کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ سوئیٹزر لینڈ کے ٹیکس انتظامی قانون میں اگر تمیم کی گئی تو حکام کو اب اس شرط کی پابندی کرنی لازمی نہیں ہوگی کہ وہ کسی بھی شخص کے تعلق سے کسی بیرونی ملک کے ساتھ اطلاعات فراہم کرنے سے قبل اس شخص کو مطلع کرے ۔ اس کے علاوہ اس ترمیم کے نتیجہ میں سوئیز حکام کو گروپ درخواستوں سے متعلق امور پر بھی مدد کرنے میں آسانی ہوگی ۔ اس قانون سے ہندوستان اور کئی دوسرے ممالک کو سہولت ہوگی جنہیں موجودہ قوانین کے تحت سوئیز حکام سے ٹیکس چوری کے معاملہ اور رقومات بینکوں میں رکھے جانے کے تعلق سے اطلاعات حاصل کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ برن میں فیڈرل کونسل آف سوئیٹزر لینڈ نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے یکم اگسٹ 2014 سے نئے قانون کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔