ٹیکس وصولی کے نشانہ کی عدم تکمیل پر سخت کارروائی

شہر کی ترقی کے لیے اضافی آمدنی ضروری ، کمشنر بلدیہ کا عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 7 نومبر ۔ ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں جائیداد ٹیکس کی وصولی میں شدت پیدا کی جائے ۔ جو عہدیدار ٹیکس کی وصولی میں دیئے گئے نشانہ کی تکمیل نہیں کریں گے ، اُن کے خلاف محکمہ جاتی سطح پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے آج بتایا کہ شہر کو عالمی طرز کے شہر میں تبدیل کرنے کے منصوبے کو قابل عمل بنانے کے لئے بلدیہ کی آمدنی میں اضافہ ناگزیر ہے ۔ اس اضافہ کیلئے بلدی عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ جائیداد ٹیکس کی وصولی میں کوتاہی نہ کریں۔ انھوں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی نے عہدیداروں کو نشانہ مقرر کرتے ہوئے جائیداد ٹیکس کی وصولی کا پابند بنایا ہے اور مالی سال 2014-15 کے دوران جائیداد ٹیکس کی وصولی کے ذریعہ جو آمدنی کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اُس کی تکمیل کے لئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی جاچکی ہے ۔ مسٹر سومیش کمار نے آج ساؤتھ زون زونل کمشنرس مسٹر بالا سبرامنیم ریڈی کے علاوہ ڈپٹی کمشنرس ، ٹیکس انسپکٹر ، بل کلکٹرس کے علاوہ دیگر ملازمین کے ہمراہ منعقدہ اجلاس میں ہدایت دی کہ وہ رخصت حاصل کئے بغیر جائیداد ٹیکس وصول کرنے میں دلچسپی کا مظاہرہ کرے ۔ انھوں نے زونل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو احکام دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ماتحتین کو کسی قسم کی رخصت فراہم نہ کرے اور غیرمجاز وغیرقانونی رخصت کو برداشت بھی نہ کریں۔ چونکہ جی ایچ ایم سی جائیداد ٹیکس کی وصولی کا جو نشانہ مقرر کیا ہے اُس کی تکمیل بے انتہاء ضروری ہے ۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے بتایا کہ صرف ساؤتھ زون میں 43,000 کمرشیل برقی کنکشنس موجود ہیں لیکن اتنی بڑی تعداد میں پرانے شہر میں ٹریڈ لائیسنس جاری نہیں کئے گئے ہیں۔ مسٹر سومیش کمار نے اس صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ساؤتھ ز ون بلدی عملہ کو چاہئے کہ وہ تمام علاقہ کی مکمل تحقیق کو یقینی بناتے ہوئے تجارتی لائیسنس کی اجرائی کو لازمی کریں اور تجارتی اغراض سے استعمال کی جانے والی جائیداد کو پراپرٹی ٹیکس تجارتی پراپرٹی کے اعتبار سے لگایا جائے ۔ انھوں نے ہدایت دی کہ ترجیحی بنیاد پر زیادہ ٹیکس کی وصولی کے ساتھ ساتھ بلدیہ کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ انھوں نے سال گزشتہ بلدی عہدیداروں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اس سال دوگنی آمدنی کو یقینی بنانے اور دوگنا جائیداد ٹیکس وصول کرنے کے اقدامات کا اعلان کیا تھا اسے قابل عمل بنایا جائے ۔ انھوں نے سالارجنگ میوزیم میں منعقدہ اس جائزہ اجلاس کے دوران بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے اعلیٰ عہدیدار جائیداد ٹیکس سے متعلق زیردوران مقدمات کی یکسوئی کے متعلق سرگرم مشاورت میں مصروف ہیں تاکہ قانونی مسائل کو بھی فوری طورپر حل کرلیا جائے۔