ٹیکس وصولی سہولت بخش ہونی چاہئے: صدرجمہوریہ

نئی دہلی۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹیکس کی وصولی کا عمل سہولت بخش ہونا چاہئے اور ٹیکس دہندگان کو زیادہ زحمت نہ دی جائے۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی تعمیر کیلئے ٹیکس وصولی نمایاں اہمیت رکھتی ہے۔ چانکیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کووند نے کہا کہ حکومت ٹیکس ’’شہد کی مکھی‘‘ کی طرح وصول کرے جو پھولوں سے رس اسی قدر چوستی ہے جتنی ضرورت ہے اور یہ دونوں کی بقاء کا ضامن ہے۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند انڈین ریوینیو سرویس (کسٹمس اینڈ سنٹرل اکسائز) پروبیشنرس کے 67 ویں بیاچ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان عہدیداروں کو جی ایس ٹی کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات ہونی چاہئے۔ انہوں نے اسے آزادی کے بعد سب سے بڑے معاشی اصلاحات سے تعبیر کیا۔ کووند نے کہا کہ گلوبلائزیشن اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے دور میں تجارت اور سرمایہ کاری کے کافی مواقع ہیں۔