حیدرآباد /5 نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے ٹیکس سے پاک بجٹ پیش کرنے کا ادعا کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے اقلیتی بجٹ میں 90 فیصد اضافہ کیا ہے۔ اسمبلی میں بجٹ کی پیشکشی کے بعد کمیٹی ہال میں اعلی عہدہ داروں کے ساتھ پریس کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کی توقعات کو پیش نظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی راست نگرانی میں پہلا بجٹ تیار کیا گیا ہے، جب کہ محکمہ فینانس اور دیگر محکمہ جات کے اعلی عہدہ داروں نے تین ماہ تک بجٹ کی تیاری میں کافی محنت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جس اسمبلی میں برسوں تک علاقہ تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی گئی اور مسائل پیش کرنے پر آندھرائی حکمرانوں کی جانب سے توہین کی گئی، یہاں تک کہ تلنگانہ کو ایک روپیہ نہ دینے کا اعلان کیا گیا، اسی اسمبلی میں تلنگانہ کے لئے بجٹ پیش کرتے ہوئے انھیں فخر محسوس ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ خاندان، گھریلو، پرائیویٹ لمیٹڈ اور حکومت کے بجٹ میں کافی فرق ہوتا ہے، جب کہ حکومت کے بجٹ میں انسانیت کے پہلو کو بہت زیادہ ترجیح دی جاتی ہے۔ انھوں نے 10 ماہ کے لئے بجٹ پیش کیا ہے، گزشتہ 5 ماہ کے دوران تلنگانہ میں ترقی و بہبود کے علاوہ دیگر امور پر حکومت کی جانب سے 25 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے جاچکے ہیں اور آئندہ سال مارچ تک تمام پلان اور نان پلان بجٹ خرچ کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جائیں گے۔ ریاستی وزیر فینانس نے کہا کہ اب تک حکمرانی کرنے والی آندھرائی قیادت نے اقلیتوں کو صرف ووٹ بینک کی نظر سے دیکھا اور انتخابات میں ان کے جذبات کا استحصال کیا
، تاہم ٹی آر ایس حکومت نے اقلیتوں کی ترقی و بہبود پر خصوصی توجہ دی ہے۔ اقلیتی بجٹ میں 90 فیصد کا اضافہ کرتے ہوئے 1030 کروڑ روپئے اقلیتی بجٹ مختص کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقلیتوں کی بیروزگاری دور کرنے کے لئے ماضی کی حکومتوں نے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا، جب کہ ٹی آر ایس حکومت نے خصوصی پروگرامس تیار کئے ہیں اور شہری و دیہی علاقوں میں اقلیتی نوجوانوں کو قرض فراہم کرتے ہوئے ان کی بیروزگاری دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں سماج کے تمام طبقات کے لئے بجٹ زیادہ پیش کیا جاتا تھا، مگر خرچ کم کیا جاتا تھا، لیکن ٹی آر ایس حکومت پورا بجٹ خرچ کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ زراعت کے لئے بجٹ میں 7 ہزار کروڑ کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ برقی بحران پر قابو پانے کے لئے پلان میں ایک ہزار کروڑ اور نان پلان میں 3500 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ حکومت نے 20 ہزار میگاواٹ برقی تیار کرنے کی حکمت عملی تیار کی ہے اور چھتیس گڑھ سے ایک ہزار میگاواٹ برقی خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو صاف پانی کی سربراہی کے لئے واٹر گرڈ اسکیم کے لئے بجٹ میں دس ہزار کروڑ کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور بجٹ میں 4 ہزار کروڑ روپئے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ مسٹر ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ہم حکمراں نہیں بلکہ خدمت گزار بن کر کام کریں گے۔