مسافروں کی دستیابی مشکل ، ڈرائیورس سے مسافر بھی پریشان
حیدرآباد۔28ستمبر(سیاست نیوز) شہر میں OLAاور UBER کی خدمات اب ڈرائیورس کے لئے گراں ثابت ہونے لگی ہیں کیونکہ اولا اور اوبر جیسی خدمات کیلئے خانگی ٹیکسی سروس کی جانب سے رجسٹریشن پر کوئی روک نہ ہونے کے باعث ٹیکسی کاریں زیادہ ہو چکی ہیں اور جس کے سبب ڈرائیورس کو زیادہ مسافرین دستیاب نہیں ہو رہے ہیں جس سے اولا اور اوبر کے مالکین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔دونوں شہروں میں خانگی خدمات انجام دینے والی ان ٹیکسی ڈرائیورس کو کئی مسائل کا سامنا ہے اس کے باوجود یہ خدمات تیزی سے فروغ حاصل کرتی جا رہی ہیں اور عوام بھی اس سہولت سے بھر پور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔مسافرین کی حمل و نقل کیلئے استعمال کی جانے والی گاڑیاں خواہ کوئی ہوں وہ عوامی سہولت کیلئے ہوتی ہیں اسی لئے ان خدمات کو انجام دینے والوں کو سہولتوں کی فراہمی کے متعلق بھی غور کیا جانا چاہئے کیونکہ شہری جو عوامی نظام حمل و نقل استعمال نہیں کرتے وہ ان خانگی ٹیکسیوں کا استعمال کرتے ہیں۔ اولا اور اوبر ڈرائیورس کا کہنا ہے کہ شہر حیدرآباد و سکندرآباد سے اکثر انہیں ائیرپورٹ کے مسافرین ملتے ہیں اور ان مسافرین کو چھوڑنے میں انہیں بہتر آمدنی ہوجایا کرتی تھی اور کئی لوگ جو ائیر پورٹ پہنچتے ہیں وہ اولا اور اوبر کی ٹیکسی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ان خانگی ٹیکسی ڈرائیورس کو ائیرپورٹ پر آمد کے مقام تک رسائی فراہم نہ کئے جانے کے سبب انہیں اور مسافرین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ائیر پورٹ پر خانگی ٹیکسی خدمات بالخصوص اولا اور اوبر کی خدمات کو محدود رکھنے کے نتیجہ میں انہیں مشکلات کا سامنا ہے اور دونوں کمپنیوںسے تعلق رکھنے والے ڈرائیور س کا کہنا ہے کہ ائیر پورٹ میں جس مقام تک ان کو رسائی حاصل ہے اس جگہ بھی ان کے ہمراہ عملہ کا رویہ نامناسب ہوتا ہے۔ اسی طرح انہیں شہر کے کسی بھی علاقہ میں مخصوص پارکنگ کی سہولت حاصل نہیں ہے جس کے سبب اولا اور اوبر ڈرائیورس کو مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ شہر میں تیزی سے بڑھ رہی اولا اور اوبر کی تعداد کے سبب آمدنی میں کچھ کمی ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود صورتحال بہتر ہے لیکن اولا اور اوبر کی بڑھتی تعداد سے شہر کے آٹو ڈرائیورس کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پر رہا ہے اور ان میں ناراضگی پیدا ہونے لگی ہے۔ آٹو ڈرائیورس یونین کی جانب سے اولا اور اوبر کی بڑھتی تعداد کے سبب کرایہ میں اضافہ کا مطالبہ بھی کمزور ہوچکا ہے اور گذشتہ تین برسوں کے دوران آٹو کرایوں میں اضافہ نہ ہونے کے باوجود بھی آٹو ڈرائیور یونینوں کی جانب سے خاموشی اختیار کی گئی ہے کیونکہ عوام تیزی سے اولا اور اوبر خدمات سے استفادہ کرنے لگے ہیں۔