بھوپال۔/23جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) یوتھ کانگریس کے قائدین نے مدھیہ پردیش میں ٹیچرس بھرتی اسکام میں وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی اہلیہ سادھنا سنگھ کے لوث ہونے کے خلاف سڑکوں پر زبردست احتجاج منظم کیا ۔جہاں انہوں نے اس اسکام کی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کروائے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔انہوں نے تمام اہم راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں اور حکومت مخالف نعرے لگاتے ہوئے مسٹر چوہان اور ان کی اہلیہ کی زبردست مذمت کی۔ انہوں نے سادھنا سنگھ پر الزام عائد کیا کہ ٹیچر کی سرکاری ملازمت کے حصول کے عوض انہوں نے مبینہ طور پر کروڑہا روپئے کی رشوت لی ہے۔
احتجاجیوں نے انتباہ دیا کہ اگر ان کے مطالبات کی تکمیل نہیں ہوئی تو وہ غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کردیں گے۔ دریں اثناء یوتھ کانگریس کے ایک قائد امیت شرما نے کہا کہ ہم گزشتہ ایک ماہ سے ویاپام اسکام کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کررہے ہیں کہ اگر وہ ٹیچرس، طلباء اور ریاست کے دیگر نوجوانوں کے مفاد کے بارے میں ذرہ برابر بھی مثبت سوچ رکھتے ہیں تو وہ ہم سے راست طور پر بات کریں۔
اگر حکومت سی بی آئی تحقیقات سے خوفزدہ ہے تو اسکا واضح مطلب یہی ہے کہ وہ ان 136فون کالس سے خوفزدہ ہے جو پنکج تیواری کو کئے گئے تھے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ نہ صرف ان کے افراد خاندان بلکہ خود وزیر اعلیٰ بھی اس اسکام میں ملوث ہیں۔ یاد رہے کہ مدھیہ پردیش پروفیشنل اگزامنیشن بورڈ (MPPEB) کی جانب سرکاری ملازمتوں کے لئے منعقد کئے گئے امتحانات میں امتحانی عمل میں بے قاعدگیاں کی گئی تھیں جبکہ اس اسکام کی موجودہ طور پر اسپیشل ٹاسک فورس(STF) کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
خاتون کرکٹ کھلاڑی کی جنسی
ہراسانی پر جوائنٹ سکریٹری گرفتار
اندور۔/23جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش کرکٹ اسوسی ایشن کے سابق جوائنٹ سکریٹری الپیش شاہ کو ایک نوجوان ابھرتی ہوئی خاتون کرکٹ کھلاڑی کو جنسی طور پر ہراساں کئے جانے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹوکو گنج پولیس نے کل الپیش شاہ کو گرفتار کرکے بعد ازاں 50,000 روپئے کے شخصی مچلکہ پر رہا کردیا۔